کولکاتا کارپوریشن کے عملہ کے لئے خصوصی بس خدمات کا آغاز کردیا گیا ۔کولکاتا کارپوریشن نے اپنے ملازمین کو ان کے گھر سے لانے اور لے جانے کے لئے 11 خصوصی بس 8 روٹ میں چلائے جارہے ہیں۔
کارپوریشن کی طرف سے خدمات انجام دینے والی ان گیارہ بسوں سوار ہوکر ملازمین دفتر پہنچے۔ کولکاتا کارپوریشن کی طرف سے یہ کہا گیا کہ کولکاتا کارپوریشن کے وہ ملازمین جو کولکاتا شہر کے باہر رہتے ہیں ان کے لئے ہی خصوصی بس کا انتظام کیا گیا ہے۔
کولکاتا کے باہر رہنے والے ملازمین کے لئے کل آٹھ روٹ ڈائمنڈ ہاربر،باروئی پور ،جوکا،گارڈن ریچ،باراسات،بیرکپور،کلیانی اور بینڈل کے لئے یہ خصوصی خدمات دی جائیں گی۔ان آٹھ روٹ میں کل گیارہ بس چلائی جائیں گی ۔
صبح آٹھ بجے سے ساڑھے نو بجے کے درمیان ملازمین کو لیکر بس کارپوریشن کے لئے روانہ ہوئی ۔دفتر کے بعد شام پانچ بجے ملازمین کو لیکر بس اپنے منزل کے لئے روانہ ہو گئی۔گزشتہ سنیچر کو کارپوریشن کی طرف سے ایک نوٹس میں کہا گیا تھا کہ سوموار 8 جون سے سو فیصد ملازمین کو دفتر میں حاضر ہونا پڑے گا۔جس کے بعد سے ہی ساری پیچیدگیاں شروع ہو گئی۔
دور دراز سے آنے والے ملازمین کو پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔یہاں تک کولکاتا کارپوریشن کے ملازمین کی کئی تنظیموں نے اس نوٹس کو واپس لینے کا بھی مطالبہ کیا تھا۔
اس کے بعد ہی کولکاتا کارپوریشن کے ناظم فرہاد حکیم نے ملازمین کو خصوصی بس کے ذریعے دفتر لانے لے جانے کی تجویز پیش کی تھی۔اس کے مطابق ہی آج سے خصوصی بس خدمات کا آغاز کر دیا گیا۔