مغربی بنگال کے گورنر جگدیپ دھنکر نے کوورونا وائرس کے خلاف جنگ میں وزیرا عظم ریلیف فنڈ اور وزیرا علیٰ ریلیف فنڈ میں 20لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔
گورنر جگدیپ دھنکر نے گزشتہ مہینے ہی راج بھون میں تمام تقریبات منسوخ کردی تھی۔ماضی میں گورنر اور وزیرا علیٰ ممتا بنرجی کے درمیان کافی تنازعات سامنے آچکے ہیں۔
مگر کورونا وائرس کا معاملہ سامنے آنے کے بعد سے ہی گورنر سیاسی بیانات سے گریز کررہے ہیں اور انہوں نے کورونا وائرس کے خلاف بنگال حکومت کی کوششوں کی سراہنا بھی کی تھی۔
گورنر نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ اس عالمی وبا کا مقابلہ ہم سب کو مل جل کر کرنا ہوگا۔ اس وقت ایک دوسرے کی مدد سے ہی اس وباء کو شکست دے سکتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ مرکزی حکومت اور ریاستی حکومت کوروناوائرس کو ختم کرنے کے لئے جو اقدمات اٹھائیں ہیں وہ قابل تعریف ہے۔ میں مغربی بنگال کے عوام سے لاک ڈاؤن پر عمل کرنے کی اپیل کرتاہوں۔ ایک ایک آدمی کی مدد سے اس جنگ میں کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل وزیرا علی ٰ ممتا بنرجی نے اپنی محدود آمدنی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ میرے پاس آمدنی کے وسائل محدود ہیں اس کے باوجود میں بنگال حکومت کے ریلیف فنڈ میں 5لاکھ اور وزیر اعظم مودی کے ریلیف فنڈ میں 5لاکھ روپے دینے کا فیصلہ کیاہے۔