مغربی بنگال میں ریاستی حکومت کی جانب سے جاری شواستھیا ساتھی ہیلتھ کارڈ غریبوں کے لیے مدد گار ثابت ہو رہا ہے۔
وزیر اعلی ممتا بنرجی نے ریاست کے غریب عوام کو مفت طبی سہولیات فراہم کرنے کے منصوبے کے تحت شواستھیا ساتھی کارڈ متعارف کیا، جس سے غریب عوام نہ صرف مغربی بنگال بلکہ ملک کی دوسری ریاستوں کے ہسپتالوں میں جا کر علاج کروا کر فائدہ اٹھا رہے ہیں۔
مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکاتا کے جنوب میں واقع مسلم اکثریتی تجارتی علاقہ توپسیا میں رہنے والی شگفتہ شاہین بھی ان میں سے ایک ہے۔لاک ڈاؤن کے دوران مالی بحران کا سامنا کرنے والی شگفتہ شاہین گال بلاڈر کا آپریشن کرانے کے لئے کولکاتا کے مختلف ہسپتالوں کے چکر کاٹ کر تھک چکی تھیں۔اسی دوران انہیں شواستھیا ساتھی(پانچ لاکھ روپے کا ہیلتھ انشورنس ) کارڈ ملا۔ انہوں نے اس کارڈ کی مدد سے پتے کا آپریشن کروایا۔
آپریشن کے بعد شگفتہ شاہین نے ای ٹی وی بھارت کے نمائندے کو بتایا کہ وزیراعلیٰ ممتا بنرجی کے اس منصوبے سے ان کے جیسے نہ جانے کتنی غریب خواتین کو فائدہ پہنچا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مذکورہ کارڈ ملنے سے پہلے خرچ کرنے کے باوجود آپریشن تو دور کی بات ہے علاج تک ٹھیک سے نہیں ہو پایا تھا۔ اس کارڈ کی مدد سے ان کا نہ صرف آپریشن ہوا بلکہ بہتر علاج بھی ہوا۔
شگفتہ شاہین کے شوہر فیروز جو پیشے سے ڈرائیور ہیں نے کہا کہ شواستھیا ساتھی کارڈ غریبوں کے لئے مدد گار ثابت ہو رہا ہے۔ وزیراعلی جس طرح سے نئے نئے منصوبوں کو نافذ کر رہی ہیں اس سے عام لوگوں کو بہت فائدہ ہو رہا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ریاستی کابینی وزیر جاوید احمد خان اور کاونسلر فیض احمد خان کا بھی انھوں نے شکریہ ادا کیا۔