مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی نے کہا ہے کہ ریاستی حکومت کورونا سے نمٹنے کے لئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ایک دن قبل ہی ممتابنرجی نے لاک ڈاؤن کی وجہ سے ریاست کی معیشت کو پہنچنے والے نقصانات کا جائزہ لینے کیلئے نوبل انعام یافتہ ابھیجیت بنائک بندو پادھیا ئے کی سربراہی میں گلوبل ایڈوائزری کمیٹی کی تشکیل دی تھی۔
یاستی سیکریٹریٹ نوبنو میں منعقد پریس کانفرنس میں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ نوبل انعام یافتہ موجود تھے۔انہوں نے ریاست کو کورونا سے لڑنے کے لئے متعدد تجاویز پیش کی ہیں۔
وزیر اعلی ممتا بنرجی نے کہا ہے کہ ریاست کے سات مقامات کو سیل کردیا گیا ہے تاہم وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے کہا کہ ماہرین کی کمیٹی نے بتایا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے اب تک پانچ افراد کی موت ہوگئی ہے۔ایک بار پھر ریاست کے عوا م سے اپیل کی کہ کورونا سے لڑنے کیلئے ریلیف فنڈ میں چندہ دیں۔
وزیر اعلی نے کہا کہ پھولوں کی منڈیوں کو بدھ سے کھول دیا جائے گا۔ بہت سے دوسرے لوگوں کی طرح پھولوں کے کاشتکاروں کو لاک ڈاؤن سے پریشانی ہوئی ہے۔ وہ بازار میں پھول نہیں لے سکتے تھے۔ کل سے پھولوں کی منڈیوں کو کھول دیا جائے گا۔ خرید و فروخت میں معاشرتی فاصلے کو برقرار رکھا جائے گا۔
ممتا بنرجی نے کہا کہ لگاتار لاک ڈاؤن کی وجہ سے غیر منظم سیکٹر میں کام کرنے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ راشن پر سیاست کرنے نہیں دیا جائیں گے۔
وزیرا علیٰ نے کہا کہ پچھلے کچھ دنوں سے ریاست کے مختلف حصوں میں راشن کی دکانوں سے سیاسی جماعت کے نام پر چاول، دالیں جمع کرنے کے معاملات سامنے آرہے ہیں۔ وزیرا علیٰ نے کہا کہ اس پر کوئی سیاست نہیں کرسکتاہے۔راشن دوکانوں کو ہدایت دی جاتی ہے وہ اپنا کام آزادانہ طور پر کریں اور کسی بھی سیاسی جماعت کے ماتحت نہ آئے۔
خیال رہے کہ بی جے پی اور سی پی ایم نے ممتا بنرجی پر الزام عاید کیا تھا کہ کورونا وائرس کو لے کر حکومت اعداد وشمار کو چھپارہی ہے۔جب کہ ریاست میں حکومت کے اعدادوشمار سے کہیں زیادہ لوگ بیمار ہیں اور اموات بھی ہوئی ہے۔