سی پی ایم کے پولٹ بیورو کے رکن محمد سلیم نے کہا کہ آج واضح ہوگیا ہے کہ کون آر ایس ایس کے ساتھ ہے .ممتا بنرجی اپوزیشن اتحاد کو توڑنے کی کوشش کررہی ہیں۔مگر ملک کے عوام بی جے پی کے خلاف متحدہیں۔
محمد سلیم نے کہاکہ ترنمول کانگریس کی سربراہ کیا ثابت کرنے کی کوشش کر رہی ہیں اب تک واضح نہیں ہوسکا ہے۔ جہاں ایک طرف پورے ملک میں بی جے پی مخالف احتجاجی ریلیاں نکالی جارہی ہےدوسری طرف ممتابنرجی بی جے پی اور آرایس ایس کو مضبوط کرنے کی کوشش میں ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ملک بھر میں بی جے پی کی پالیسی کے خلاف ہڑتال بلائی گئی لیکن ممتابنرجی نے ہڑتال کی مخالفت کردی ۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ وہ بی جے پی اور آر ایس ایس کی مدد کررہی ہیں۔
سی پی آ ئی ایم کے رہنما کاکہنا ہے کہ دوسری ریاستوں کے مقابلے بنگال میں سیاست مختلف ہوتی ہے۔ یہاں کے لوگوں کے موڈ کے بارے میں پتہ لگانا بیرونی لوگوں کے لیے ناممکن ہے۔
انہوں نے کہاکہ بنگال کے لوگوں نے ترنمول کانگریس اور بی جے پی کو سبق سکھانے کے لئے تیاری مکمل کرلی ہے۔ وہ اب کسی کے کہنے میں آنے والے نہیں ہیں ۔
پولٹ بیورو کے رکن محمد سلیم نے کہاکہ ممتابنرجی شہریت ترمیمی ایکٹ، این آرسی کی مخالفت کرکے لوگوں کو اب بے وقوف نہیں بنا سکتی ہیں۔ انہیں اپنی پالیسی کو واضح کرنی پڑے گی۔
انہیں بی جے پی اور آر ایس ایس کے خلاف منہ کھولنا پڑے گا ۔ایک طرف شہریت ترمیمی ایکٹ کی مخالفت کرتی ہیں دوسری طرف بی جے پی کے خلاف تیارنے ہونے والی اپوزیشن کوناکام بنانے کی کوشش کرتی ہیں۔
کانگریس لیڈر عبد المنان نے کہا کہ کانگریس کا دوہرا رویہ نہیں بلکہ یہ ممتا بنرجی کا رویہ سامنے آیا ہے۔وہ بی جے پی لیڈروں کو خوش کرنے کیلئے اپوزیشن جماعتوں کی میٹنگ میں شرکت نہیں کررہی ہیں۔