مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے کہاکہ گزشتہ چند مہینوں کے دوران عام لوگ بھارتیہ جنتاپارٹی کی نفرت اور مذہب کی سیاست سے اب چکے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ لوگوں کو بھارتیہ جنتاپارٹی سے نجات چاہئے اس لئے انہوں نے دہلی اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کے خلاف ووٹ دیا اور مستقبل میں بھی بھارت کے عوام بی جے پی کی عوام مخالف پالسی کے خلاف ووٹ ڈالیں گے۔
میڈیا اہلکاروں سے بات کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ یہ عام آدمی پارٹی کی طرز سیاست کی جیت ہے اور عوام نے بی جے پی کے نفرت کی سیاست کو رد کردیا ہے۔
ترنمول کانگریس کی سر براہ نے کہا کہ بی جے پی نے انتخابات جیتنے کیلئے سرکاری مشنریوں کا بھی غلط استعمال کیا مگر اس کے باوجود بی جے پی کامیابی حاصل نہیں کرپائی۔
ممتا بنرجی نے کہا کہ ملک اس طرح کی مذہبی سیاست کو پسند نہیں کرتی ہے اس لیے و ہ ہر ایک جگہ نامراد ہورہی ہے۔مہاراشٹر، جھاڑ کھنڈ کے بعد اب دہلی کے عوام نے واضح پیغام دیدیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ 2019میں لوک سبھا انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد بی جے پی متکبر ہوچکی ہے۔مخالفین کے خلاف سازشیں کی جارہی ہیں مگر بی جے پی کے ہاتھ کچھ بھی نہیں آرہا ہے۔
واضح رہے کہ دہلی اسمبلی انتخابات میں عام آدمی پارٹی نے 70 میں سے 63 سیٹیں حاصل کرکے تیسری مرتبہ دہلی پر قبضہ کیا ۔ بھارتیہ جنتاپارٹی 70 میں سے محض سات سیٹوں پر سمٹ گئی۔