مغربی بنگال بی جے پی کے رہنما راہل سنہا نے شہریت ترمیمی قانون کے خلاف مغربی بنگال میں جاری احتجاج و مظاہرے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بنگال کی موجودہ صورتحال میں ریاست میں صدر کا نفاذ ضروری ہو گیا ہے۔
ترنمول کانگریس کی حکومت کو چیلنج کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نئے سال کی شروعات میں ہی ممتا بنرجی کی حکومت کی وداعی ہو سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم ایک منتخب حکومت کو گردانا نہیں چاہتے ہیں۔ لیکن ریاست کی اگر اسی طرح حالات بنے رہے تو صدر راج کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں بچے گا۔ 2020 کے شروع میں ہی ممتا بنرجی کی حکومت کو الوداع کہنا پڑے گا۔
انہوں نے کہاکہ ترنمول کانگریس کی سربراہ مسلمانوں کولے کرسیاست کرتی ہیں۔ ایک ہندو ہونے کے باوجود وہ باربار انشاءاللہ کہتی ہیں۔ وہ مسلمانوں کو لے کر سیاست کرتی ہیں
گزشتہ کل سے بنگال کے مختلف علاقوں میں پرتشدد مظاہرے جاری ہیں۔ آج بھی مختلف اضلاع میں مظاہرے کئے گئے ٹرین روکے گئے۔ بسوں میں آگ زنی کی گئی۔ دوسری جانب وزیر اعلی ممتا بنرجی نے لوگوں سے قانون کے دائرے میں رہ کر احتج۶کرنے کی اپیل کی ہے ۔
سرکاری املاک کو نقصان نہ پہنچانے کی اپیل کی ہے اور ایسا کرنے والوں کو سخت کارروائی کا انتباہ کیا ہے۔ راہل سنہا نے کہا کہ بنگال جل رہا ہے اور ترنمول کانگریس کی حکومت امن و امان برقرار رکھنے میں ناکام ہے ۔ ریاستی بی جے پی نے ترنمول کانگریس کی حکومت پر نکتہ چینی کرتے ہوئے ٹویٹ کیا ہے کہ مغربی بنگال جل رہا ہے۔
ممتا بنرجی کو کشمیر کی فکر لگی ہے بنگال میں جو کچھ ہو رہا ہے اس کو چھوڑ کر باقی سب معاملات پر ٹویٹ کرنے کا وزیر اعلی کے پاس وقت ہے۔ممتا بنرجی نے کشمیر کے سابق وزیر اعلی فاروق عبداللہ کی حراست کی معیاد بڑھنے پر تشویش کا اظہار کیا تھا ۔