مغربی بنگال اردو اکیڈمی میں لاک ڈاؤن کے بعد ایک بار پھر سے کام کاز شروع ہو چکا ہے۔ ندیم الحق کو اردو اکیڈمی کو نائب چئیر پرسن منتخب کیا گیا ہے۔ نو منتخب نائب چیئرپرسن کی سربراہی میں آج اردو اکاڈمی کی مجلس عاملہ کی میٹنگ ہوئی۔ جس میں اکاڈمی کے آئندہ لائحہ عمل پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔
میٹنگ میں نو منتخب مجلس عاملہ کے اراکین کے علاوہ جنرل کونسل کے اراکین بھی شامل تھے۔ اردو اکاڈمی کے نو منتخب نائب چئیر پرسن ندیم الحق نے کہا کہ اردو اکیڈمی کی کوشش رہے گی کہ نو منتخب اراکین کے علاوہ اردو دوست حضرات کے ساتھ مل کر کام ہو۔
انہوں نے کہا کہ نو منتخب اراکین میں ریاست کے مختلف اضلاع سے نمائندگی کا خیال رکھا گیا ہے۔ اکیڈمی پہلے سے بھی بہتر طور پر کام کرنے کی کوشش کرے گی۔ اکاڈمی کی کوشش رہے گی کہ سب کے مشورے سے کام کیا جائے، جو لوگ اردو زبان و ادب کے خیر خواہ ہیں ان سے بھی گزارش ہے کہ وہ اکاڈمی کو اپنے صلاح مشورے سے آگاہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ اکیڈمی جس طرح سے کام کر رہی تھی اسی سرگرمی کے ساتھ کام کرتی رہے گی۔ اکاڈمی کی طرف سے چلنے والے تمام پروجیکٹ جاری رہیں گے۔ ساتھ ہی جو پروجیکٹ نا مکمل ہیں ان کو پورا کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ یونین سول سروسس کے لئے کوچنگ کلاسس کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔
اس کے علاوہ جامعہ اور علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں داخلے کے سلسلے میں اکیڈمی نے جو پروگرام شروع کیا تھا اس کو پھر سے شروع کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے اردو طبقے سے اکاڈمی کے ساتھ تعاون کرنے کی اپیل کی تاکہ اکاڈمی بہتر طور پر کام کر سکے۔