بھارت میں کورونا وائرس کی دوسری لہر نے تباہی مچا رکھی ہے۔ چاروں طرف افراتفری کا ماحول ہے جس کے سبب دہشت کا ماحول ہے۔ کورونا وائرس کی وجہ تمام شعبہ جات متاثر ہوئے ہیں۔ کھیل کی دنیا اور کھلاڑی بھی پوری طرح سے اس کی زد میں آگئے ہیں۔
کورونا کی دوسری لہر کے سبب کھلاڑیوں کے متاثر پائے جانے کے بعد انڈین پریمئیر لیگ 2021 کو ملتوی کر دیا گیا ہے۔ کرکٹرز کے بعد اب فٹبال کھلاڑی بھی اس کی زد میں آنے لگے ہیں۔
اے ٹی کے موہن بگان فٹبال کلب کے دو کھلاڑی اور ایک کو چنگ اسٹاف رکن کورونا وائرس مثبت پائے گئے ہیں۔ اے ایف سی کپ سے قبل کولکاتا کے فٹبال کلب کے لیے یہ بڑا دھچکا ہے۔
ذرائع کے مطابق موہن بگان کے فٹبالر شیخ ساحل، پرابیر داس اور ایک کوچنگ رکن کی کورونا ٹیسٹ رپورٹ مثبت آئی ہے.ان کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کے رکن کو کورنٹائن کردیا گیا ہے۔ دیگر کھلاڑیوں کی کورونا رپورٹ کے آنے کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
موہن بگان کی فٹبال ٹیم ایشین فٹبال چیمپئن شپ میں شرکت کرنے کے لئے پیر کو مالدیپ روانہ ہونے والی ہے۔
واضح رہے کہ مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے بھی آگاہ کردی دیا ہے کہ دو ہفتوں کے اندر اندر اگر حالات میں بہتری نہیں آتی ہے تو پوری ریاست میں لاک ڈاؤن نافذ کر دیا جائے گا۔ ریاستی حکومت کی جانب سے گزشتہ 48 گھنٹوں کے اندر اندر دو کورونا گائیڈ لائن جاری کئے جا چکے ہیں جس پر عوام کو ہر حال میں عمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔دوسری طرف ریاست میں منی لاک ڈاؤن جاری ہے۔