کولکاتا: مغربی بنگال کی حکمراں جماعت ترنمول کانگرنس کے جنرل سکریٹری اور پارٹی کے ترجمان کنال گھوش نے بتایا کہ مرکزی وزیر کو ابھیشیک بنرجی کے دھرنے کی جگہ پر آکر بنگال کے عوام سے معافی مانگنا چاہیے کیوں کہ انہوں نے ترنمول کانگریس کے وفد کو بلا کر ملاقات نہیں کرکے بنگال کے عوام کی توہین کی ہے۔ انہوں نے نامہ نگاروں سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ترنمول کانگریس کا وفد بنگال کے عوام کے مطالبات کے ساتھ ان سے ملنا چاہتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی وزیر نے ملاقات کرنے کے بجائے پولس کے ذریعہ ہمارے لیڈروں اور کارکنان پر ظلم کرایا۔ ان کا کہنا مزید کہنا ہے کہ مرکزی وزیر آکر بتائیں کہ 100 دن اسکیم کی بقایا رقم اور ہاؤسنگ اسکیم کے لیے فنڈز کب جاری کیے جائیں گے۔ فنڈز جاری کرنے کو لے کر بات کی جائے تو اور بہتر ہے۔
یہ بھی پڑھیں: West Bengal Govt ریاست میں سرمایہ کاری پر بنگال حکومت کا قرطاق ابیض جاری کرنے کا فیصلہ
خیال رہے کہ گورنر سے ملاقات کرنے کے مقصد سے جمعرات سے ہی ابھیشیک بنرجی کی قیادت میں ترنمول کانگریس گورنر ہائوس کے شمالی دروازہ پر دھرنا جاری ہے۔ ترنمول کانگریس کا کہنا ہے کہ گورنر مرکزی حکومت کا نمائندہ ہے۔ اس لیے ہم ان سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں۔ ہم انہیں بنگال کے عوام کی طرف سے لکھے گئے خطوط انہیں سونپنا چاہتے ہیں تاکہ وہ مرکزی حکومت کو بھیج سکیں۔