کولکاتا: مغربی بنگال میں سی پی آئی (ایم) کے ریاستی سکریٹری سوریہ کانت مشرا سمیت بائیں بازو کے اعلی رہنماؤں کو گذشتہ روز پولیس نے جاری لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے پر حراست میں لیا۔
ذرائع کے مطابق راشن میں بے ضابطگی اور کورونا وائرس متاثرہ کی جانچ کو لے کر ان رہنماؤں نے دھرنا دیا۔
لیفٹ فرنٹ کے چیئرمین بمن بوس کی سربراہی میں رہنماؤں نے ریڈ روڈ علاقے میں مظاہرہ کرکے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ موجود مسائل کے حل کے لئے فوری طور پر اقدامات کرے اور ریاست کے ہر خاندان کے لئے راشن کو یقینی بنائے۔
رہنماؤں کا کہنا ہےکہ ہم یہاں احتجاج کے لئے جمع ہوئے ہیں کیونکہ ریاست کے بہت سے حصوں میں غریبوں کو راشن نہیں مل رہا ہے اور انہیں فاقے کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
ریاستی حکومت اس مسئلے کو چھپانہ چاہتی ہے۔انتظامیہ کو چاہئے کہ وہ مسائل کے حل کے لئے فوری اقدامات کرے اور اس بات کو یقینی بنائے کہ ہر شخص کو راشن فراہم ہو۔
بائیں بازو کے رہنماؤں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ ریاست میں کورونا وائرس متاثرین کا پتہ لگانے کے لئے ٹیسٹ کی تعداد میں اضافہ کیا جائے۔
سی پی آئی (ایم) کے سینئر رہنما اور سابق رکن پارلیمنٹ محمد سلیم نے کہاکہ "ہم مظاہرے کے دوران بھی سماجی دوری اصولوں پر عمل پیرا تھے، لیکن پولیس نے ان قوانین کی خلاف ورزی کر ہمیں حراست میں لیا۔"
جبکہ ریاست میں برسر اقتدار پارٹی نے حزب اختلاف کے ان الزامات کی تردید کی ہے۔