نئی دہلی: ترنمول کانگریس کی رکن پارلیمنٹ مہوا موئترا نے جمعرات کو لوک سبھا میں بی جے پی کی زیرقیادت مرکزی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کا وزیر اعظم نریندر مودی پر سے اعتماد اٹھ گیا ہے۔ انھوں نے اپنی تقریر میں منی پور تشدد، پہلوانوں کے احتجاج اور اڈانی تنازع کا بھی حوالہ دیا۔ موئترا نے کہا کہ پی ایم مودی ہماری بات نہیں سنیں گے، وہ آخری دن آئیں گے اور تقریر کریں گے۔ مجھے پتہ نہیں اس سے بڑی بدقسمتی کیا ہو گی کہ ہمارے وزیر اعظم نے پارلیمنٹ میں آنے سے انکار کر دیا یا منی پور جانے سے انکار کر دیا۔
مہوا موئترا نے پارلیمنٹ میں یہ بھی کہا کہ عظیم ترین جمہوریت کے وزیر اعظم کا نئی پارلیمنٹ کے ایوان میں اکثریتی مذہبی پیشواوں کے سامنے جھکنے کا تماشہ ہمیں شرمندگی سے بھر دیتا ہے۔ہندوستان نے آپ (پی ایم مودی) پر اعتماد کھو دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیمپئن پہلوانوں کے خلاف پولیس کی بدتمیزی اور ایف آئی آر درج کرنا ہمیں شرم سے بھر دیتا ہے، ہریانہ کے 3 اضلاع میں 50 پنچایتوں کی جانب سے مسلمان تاجروں کو ریاست میں داخل ہونے سے منع کرنے والے خطوط جاری کرنا ہمیں شرم سے بھر دیتے ہیں۔
مہوا نے اس دوران ایک شعر بھی پڑھا، نفرتوں کی جنگ میں دیکھو کیا کیا ہوگیا ہے، سبزیاں ہندو اور بکرا مسلمان ہوگیا ہے۔ جب تک ہم دیکھتے رہں گے، تب تک کوئی بھی سرمایہ دار ہندوستان کے ریگولیٹرز اور ایکویٹی مارکیٹ کو سبوتاژ کرنے والا نہیں ہے۔ انھوں نے آخیر میں یہ بھی کہا کہ ہر کوئی کہتا ہے مودی جی نہیں تو کون؟ لیکن منی پور کے بعد بھارت کہہ رہا ہے کہ مودی کے علاوہ کوئی بھی۔
یہ بھی پڑھیں:
- بلقیس بانو کے مجرموں کو رہا کرنے پر اسمرتی ایرانی کو غصہ نہیں آتا: سواتی مالیوال
- عدم اعتماد تحریک کی تائید میں اسدالدین اویسی نے مودی حکومت کو خوب کھری کھوٹی سنائی
اس کے علاوہ مہوا موئترا نے مرکزی وزیر اسمرتی ایرانی پر طنز کستے ہوئے کہا کہ انہوں نے خواتین پہلوانوں کے معاملے میں ان کی ہی پارٹی کے ملزم رکن پارلیمنٹ کے بارے میں ایک لفظ تک نہیں بولیں اور اب وہ 'فلائنگ کس' کی بات کر رہی ہے۔ مہوا موئترا کا یہ بیان اسمرتی ایرانی کے لوک سبھا میں راہل گاندھی کی مبینہ فلائنگ کس پر ناراضگی ظاہر کرنے کے ایک دن بعد آیا ہے۔
ترنمول کانگریس کے رکن پارلیمنٹ موئترا نے پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں نامہ نگاروں سے کہا، 'جب بی جے پی کے ایک رکن پارلیمنٹ پر ہماری چمپئن خواتین پہلوانوں سے چھیڑ چھاڑ اور ہراساں کرنے کا الزام لگایا جاتا ہے، تو ہم خواتین اور بچوں کی ترقی کے وزیر کی طرف سے ایک لفظ نہیں سنتے اور اب وہ فلائنگ کس کے بارے میں بات کر رہی ہیں۔مہوا موئترا نے کہا کہ میڈم آپ کی ترجیحات کیا ہیں؟'