مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکاتا کے نظام پیلس میں واقع سی بی آئی دفتر میں مدنی پور ضلع کے گھٹال سے ترنمول کانگریس کے رکن پارلیمان اور اداکار دیپک ادھیکاری سے سی بی آئی نے پوچھ گچھ کی۔
نظام پیلس میں واقع دفتر میں سی بی آئی نے بنگلہ فلموں کے مشہور اداکار اور رکن پارلیمان دیب (دیپک ادھیکاری) سے مویشی اسمگلنگ میں گرفتار انعام الحق سے تعلقات کے سلسلے میں گھنٹوں تک پوچھ گچھ کی۔
سی بی آئی دفتر سے باہر نکلنے کے بعد نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے دیب نے کہا کہ وہ انعام الحق نام کے کسی بھی شخص کو نہیں جانتے ہیں۔ ان کا کسی بھی معاملے سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔'
انہوں نے کہا کہ' وہ بے قصور ہیں، اسی وجہ سے سی بی آئی نے انہیں دوبارہ طلب نہیں کیا ہے۔ اس سلسلے میں سی بی آئی نے کچھ کہا بھی نہیں ہے۔'
طویل پوچھ گچھ کے سوال پر ترنمول کانگریس کے رکن پارلیمان نے کہا کہ سی بی آئی کے علاوہ کوئی بھی اس سوال کا بہتر طریقے سے جواب نہیں دے سکتا ہے۔ نامہ نگاروں سے کہا کہ آپ سی بی آئی کے پاس جائیے اور اس سلسلے میں سوال کیجئے۔'
واضح رہے کہ سی بی آئی نے گزشتہ برس شمالی 24 پرگنہ میں واقع بھارت - بنگلہ دیش سرحد پر جانوروں کے اسمگلنگ کے الزام میں انعام الحق نام کے ایک شخص گرفتار کیا تھا۔ اس معاملے میں ایک بی ایس ایف کمانڈنٹ آفیسر ستیش کمار کی گرفتاری عمل میں آئی تھی۔
مزید پڑھیں:
اس کے بعد سے ہی سی بی آئی کی ٹیم ریاست کے مختلف اضلاع میں چھاپہ ماری مہم چلا رہی ہے۔ اسی سلسلے میں ترنمول کانگریس کے رکن پارلیمان دیب کو مویشی اسمگلنگ میں گرفتار شخص انعام الحق سے رابطہ رکھنے کے شبہ میں تفتیش کے لیے نظام پیلس میں واقع سی بی آئی دفتر میں طلب کیا گیا تھا۔