جنوبی 24 پرگنہ کے ٹھاکر پوکھر کے منڈل پاڑہ کے ایک مکان میں ایک ہی خاندان کے تین لوگوں کی پر اسرار موت کا واقعہ پیش آیا جس کے بعد علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔
مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکاتا سے متصل ضلع ٹھاکر پوکھر کے منڈل پاڑہ میں آج صبح ایک مکان میں ایک ہی فیملی کے تین افراد مردہ پائے گئے۔پولیس نے جائے وقوع پر پہنچ کر تفتیش شروع کر دی۔
ابتدائی تفتیش کے بعد تینوں افراد کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ مکان کا دروازہ اندر سے بند تھا۔ دروازے کو توڑ کر اندر داخل ہونے پر مکان کے ایک کمرے میں تین لوگوں کی لاشیں چھت میں لگے لوہے کے سیلنگ سے لٹکتی ہوئی پائی گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ پورے معاملے کی تفتیش جاری ہے لیکن اب تک کوئی اہم سراغ ہاتھ نہیں لگا ہے۔ پولیس یہ پتہ لگانے کی کوشش کر رہی ہے کہ یہ خودکشی کا معاملہ ہے یا پھر قتل ہے۔
پولیس نے مزید کہا کہ اگر یہ خودکشی کا معاملہ ہے تو تینوں ایک ساتھ خودکشی نہیں کر سکتے ہیں۔ مرنے والوں کی شناخت چندربراتا، ان کی بیوی سرین منڈل اور ان کے بیٹے سپریا منڈل کے طور پر ہوئی ہے۔
پڑوسیوں کا کہنا ہے کہ آج صبح دیر تک گھر سے کوئی آواز نہیں آئی تو لوگوں کو شبہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ گھر میں آواز بھی لگائی اس کے باوجود کوئی جواب و اشارہ نہیں ملا۔جس کےبعد ہی ٹھاکر پوکھر تھانے کی پولیس کو اس کی اطلاع دی گئی۔