مغربی بنگال کے شمالی 24 پرگنہ کے گیارولیا ٹاؤن میں بی جے پی کے رہنما شھبندو ادھیکاری نے ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی کی جم کر تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ مغربی بنگال کو ترقی کی راہ پر دوبارہ لانے کے لئے عوام کو ممتا بنرجی کی حکومت کے خلاف ووٹ ڈالنے کی ضرورت ہے۔
شھبندو ادھیکاری نے کہا کہ ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی جے بنگلہ کا جو نعرہ لگاتی ہیں، دراصل وہ بنگلہ دیش کا نعرہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف جنگ آزادی کے دوران بنگلہ دیش کے عوام جے بنگلہ کا نعرہ لگاتے تھے۔ ممتا بنرجی جے بنگلہ کا نعرہ لگا کر بنگال کو بھی بنگلہ دیش کی طرح اسلامی ملک بنانا چاہتی ہیں۔
مزید پڑھیں:بنگال کے عوام پر نڈا اور شاہ کی باتوں کا اثر پڑنے والا نہیں ہے: فرہاد حکیم
اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کے پوسٹر بوائے شھبندو ادھیکاری نےکہا کہ شیاما پرساد مکھرجی جیسے رہنماؤں کی مدد سے ہی ہمیں بنگال میں سیاست کرنے کا موقع ملا۔انہوں نے کہا کہ شیاما ہرساد مکھرجی نے ہی ایک ملک اور ایک آئین کے لئے تحریک چلائی تھی۔ان کی تحریک سے متاثر ہوکر وزیراعظم نریندر مودی نے جموں کشمیر سے دفعہ 370 منسوخ کرنے کا اعلان کیا۔ بی جے پی کے رہنما کا کہنا ہے کہ اس اعلان کے بعد ہی کشمیر سے لے کر کنیا کماری تک ایک ملک، ایک آئین اور ایک نعرہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ مغربی بنگال میں بھی ڈبل انجن والی حکومت کی ضرورت ہےْ اسی کی مدد سے بنگال کو سونار بنگلہ بنانے میں مدد ملے گی.
بی جے پی کے رہنما کے مطابق مرکز میں وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت والی مرکزی حکومت اور مغربی بنگال میں بی جے پی کی حکومت یعنی ڈبل انجن والی حکومت۔ اس سے ریاست میں ترقی کی رفتار دوگنی ہو جائے گی۔
ترنمول کانگریس کو چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہونے والے شھبندو ادھیکاری نے کہا کہ اسمبلی انتخابات سے پہلے ہی ترنمول کانگریس شکست تسلیم کر لے گی۔ ممتا بنرجی عوامی حمایت کھو چکی ہے، اس کا مطلب بی جے پی اکثریت کے ساتھ حکومت بنائے گی۔