مغربی بنگال کے بردوان ضلع میں عوامی جلسے کو خطاب کرتے بی جے پی کے ریاستی صدر دلیپ گھوش نے کہا کہ 'چند مہینوں کے اندر ہی ریاست میں بہت کچھ بدلنے والا ہے۔ ریاست میں اتنی بڑی تبدیلی آئےگی، جس کی کسی نے توقع نہیں کی ہوگی۔ صحیح وقت پر سب کچھ صحیح ہوتا چلا جائے گا۔'
انہوں نے کہا کہ 'اتنا ضرور کہنا چاہوں گا کہ عام لوگوں کے حق میں یہ تبدیلی یادگار ثابت ہو سکتی ہے۔ بی جے پی کے تمام اعلیٰ رہنما عوام کے چہرے پر مسکراہٹ لانے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔'
انہوں نے ممتا بنرجی کی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 'ترنمول کانگریس کے بیشتر رہنما بدعنوانی کے معاملے میں ملوث ہیں۔ ان میں سب سے بڑا نام وزیر خوراک کا ہے۔ وزیر خوراک پر گنہوں اور چاول کے ٹرکوں کو بھارت سے بنگلہ دیش اسمگل کرنے کا الزام ہے۔ بی جے پی کی حکومت بننے کے بعد یہ الزام سچ ثابت ہو جائے گا۔'
بی جے پی کے ریاستی صدر دلیپ گھوش نے کہا کہ 'مغربی بنگال میں بی جے پی کی حکومت بننے کے بعد بدعنوانی معاملے میں ملوث کسی بھی شخص کو بخشا نہیں جائے گا۔ اس کے لئے ابھی سے تیاری مکمل کر لی گئی ہے۔'
یہ بھی پڑھیں: ایپیڈا نے گوشت ایکسپورٹ فہرست سے لفظ 'حلال' ہٹا دیا
دلیپ گھوش نے کہا کہ 'ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی کو جیل جانے کا بہت شوق ہے۔ بی جے پی کی حکومت بننے کے بعد دیدی کے جیل جانے کا خواب ضرور پورا کیا جائےگا۔ دیدی مونی کے ساتھ ساتھ ان کے چھوٹے چھوٹے بھائیوں کو بھی جیل بھیجنے کی تیاری مکمل ہو چکی ہے۔'