مغربی بنگال میں کورونا وائرس کے مریضوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، گزرتے وقت کے ساتھ کورونا وائرس کی دوسری لہر خطرناک شکل اختیار کر چکی ہے۔
اس کے پیش نظر ریاست میں لوکل ٹرین کی خدمات معطل ہونے کی وجہ سے عام لوگوں کو شدید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، اس کو دیکھتے ہوئے ریاستی حکومت اور مشرقی ریلوے نے محکمہ صحت کے ملازمین کو ڈیوٹی پر جانے کے لئے خصوصی ریل خدمات بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس سلسلے میں حکومت کا کہنا ہے کہ ریاست میں کورونا وائرس کے مدنظر محکمہ صحت کے ملازمین کو وقت سے ہسپتالوں، نرسنگ ہوم اور صحت مراکز پر پہنچنا ضروری ہے. اس لئے خصوصی ریل خدمات کو بحال کیا گیا ہے۔
مغربی بنگال میں ان دنوں منی لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے اس دوران لوکل ٹرین خدمات معطل کر دی گئی ہے۔ جس سے عام لوگوں کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
وہیں ہوائی جہاز اور ایکسپریس ٹرین سے سفر کرنے والے لوگوں کے لئے آر ٹی پی سی آر ٹیسٹ اور کورونا نگیٹیو رپورٹ لازمی کر دیا گیا ہے۔