کولکاتا: مغربی بنگال کے ہوڑہ ضلع کے جگت بھلبھ پور، پانچلا، ڈومجور سمیت دیگر تشدد زدہ علاقوں میں سخت سکیورٹی انتظامات کے سبب حالات میں بہتری آئی ہے۔ ہوڑہ ضلع کے پولیس سپرنٹنڈنٹ پروین کمار ترپاٹھی نے کہا کہ حالات میں بہتری آئی ہے اور اب کہیں بھی کسی بھی طرح کے تشدد کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ امید ظاہر کی کہ کل تک ہوڑہ ضلع میں حالات پہلے کی طرض معمول پر ہوجائیں گے۔ Protest Against Nupur Sharma in West Bengal
احتجاج اور تشدد کی صورتحال کے پیش نظر ہوڑہ ضلع پولیس انتظامیہ نے گرامین اور سٹی پولیس کے مختلف علاقوں میں لاء اینڈ آرڈر اور سکیورٹی کے پیش نظر 13 جون تک انٹرنیٹ خدمات معطل کرنے کا اعلان کیا تھا اور آج انٹرنیٹ خدمات بحال کر دی گئی ہیں۔
دوسری جانب شمالی 24 پرگنہ کے باراسات اسٹیشن کے سامنے اقلیتی طبقے کے لوگوں نے گستاخ رسول نُپور شرما کے خلاف مظاہرے کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے سیالدہ - باراسات سیکشن میں لوکل ٹرینیں روک دی جس سے عوام کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ ریاست کے دیگر اضلاع میں بھی گستاخ رسول نپور شرما اور نوین جندل کے خلاف احتجاجی دھرنے اور مظاہرے ہوئے ہیں لیکن حالات آہستہ آہستہ سُدھر رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ہفتے کے پہلے دن شمالی 24 پرگنہ کے باراسات اسٹیشن کے سامنے سینکڑوں افراد گستاخ رسول نپور شرما اور نوین جندل کی گرفتاری کے مطالبے پر احتجاج کیا تھا۔