بردوان:مغربی بنگال کے بردوان ضلع میں واقع بردوان ریلوے اسٹیشن پر گزشتہ روز ٹرین کا انتظار کر رہے مسافروں پر پانی کی ایک بڑی ٹنکی گرجانے سے کم از کم تین لوگوں کی موت اور 20 دیگر زخمی ہو گئے۔زخمیوں کو بردوان میڈیکل کالج اینڈ ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ان میں متعدد کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ پلیٹ فارم نمبر دو اور تین (مشترکہ) پر 23 لوگ لوکل ٹرین کا انتظار کر رہے تھے۔ اسی دوران اچانک تقریباً 54 ہزار گیلن کی گنجائش والی پانی کی ٹنکی ان پر گر گئی۔ اس حادثے میں زخمی ہونے والے تمام 23 افراد کو فوری طور پر بردھمان میڈیکل کالج اسپتال لے جایا گیا جہاں تین کی موت ہوگئی۔
ہسپتال کے سپرنٹنڈنٹ نے تین افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں سے پانچ کی حالت تشویشناک ہے۔ان زخمی لوگوں کو آئی سی یو میں رکھا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ملائیشیا کی ٹیلر یونیورسٹی کا قاضی نذرل یونیورسٹی کے ساتھ معاہدہ
ریلوے پولیس کا کہنا ہے کہ پورے معاملے کی تفتیش کی جارہی ہے۔تفتیش مکمل ہونے تک اس معاملے میں واضح طور پر کچھ کہا نہیں جا سکتا ہے۔فی الحال اسٹیشن کی چھت کی مرمت کی جا رہی ہے۔دوسری طرف اس واقعے کو لے کر سیاست تیز ہوگئی ہے۔سیاسی رہنماوں نے ایک دوسرے پر لاپرواہی برتنے کا الزام لگایا۔