مغربی بنگال میں کورونا وائرس کی دوسری لہر سے نمٹنے کی جدو جہد کے درمیان بلیک فنگس ریاستی حکومت اور صحت انتظامیہ کے لئے تشویش کا باعث ہے۔
ریاست میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے قہر کے درمیان بلیک فنگس کا خطرہ بھی تیزی سے بڑھنے لگا ہے جس کے سبب عام لوگوں میں دہشت کا ماحول ہے۔
مغربی بنگال کے سلی گوڑی میں واقع شمالی بنگال میڈیکل کالج اینڈ ہسپتال میں بلیک فنگس سے متاثرہ ایک مریضہ کی موت ہو گئی۔
گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران شمالی بنگال میڈیکل کالج اینڈ ہسپتال میں بلیک فنگس کی وجہ سے یہ دوسری موت ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مریضہ کی کورونا ٹیسٹ کرایا گیا جس کی رپورٹ مثبت آئی تھی، کورونا کے علاج کے دوران ان میں بلیک فنگس کی علامت پائی گئی تھی۔
بتایا جارہا ہے کہ مریضہ نیبھا سنگھ رائے (54) جلپائی گوڑی کی رہائشی تھیں، وہ گزشتہ چند دنوں سے ہسپتال میں زیر علاج تھی۔
ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس سے متاثر لوگوں یا پھر کووڈ سے نجات پانے والے لوگوں میں ہی بلیک فنگس پایا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کورونا وائرس کی وبا کے درمیان ریاست میں اب تک 38 لوگوں میں بلیک فنگس کی علامت پائے جانے کی تشخیص ہوئی تھی۔
وہیں شمالی بنگال کے ضلع میں بلیک فنگس کے مریضوں کی تعداد میں تشویشناک اضافہ ہوا ہے۔