کولکاتا کے بازاروں میں سبزیوں کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ ہورہا ہے جس کی وجہ سے صرف خریدار ہی نہیں چھوٹے دکاندار بھی کافی پریشان ہیں۔ قیمتوں میں اضافہ کی وجہ بازاروں میں خریدار نظر نہیں آرہے ہیں جس کی وجہ سے سبزیاں بہت کم مقدار میں فروخت ہو رہی ہیں۔
خصوصی طور پر پیاز کی قیمتوں میں غیرمعمولی اضافہ ہوا ہے۔ ایک ہفتہ قبل تک 50 روپئے کیلو گرام فروخت ہونے والی پیاز 90 تا 100 روپئے کیلو گرام فروخت ہو رہی ہے۔ اسی دوران قیمتوں میں مزید اضافہ کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
ایک دکاندار نے بتایا کہ گزشتہ کئی روز سے لگاتار پیاز کی قیمتوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ ناسک سے پیاز آتا ہے اور ٹرانسپورٹ نظام ابھی تک پوری طرح فعال نہیں ہوا ہے۔ قیمتوں میں اضافہ کی وجہ سے چھوٹے دکانداروں کو نقصان ہو رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بازار میں خریدار نہیں ہیں اور جو خریدار آ بھی رہے ہیں وہ عام دنوں کے بنسبت بہت کم مقدار میں آلو و پیاز خرید رہے ہیں۔ اس طرح ہمارا مال بہت کم فروخت ہو رہا ہے جس کی وجہ سے ہمیں نقصان ہو رہا ہے۔
ایک ور سبزی کے دکاندار نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ عام طور اس سیزن میں سبزیوں کی قیمتیں 30 سے 40 روپئے کیلو گرام ہوا کرتی تھیں لیکن اس بار کوئی بھی سبزی 50 تا 60 روپئے سے کم قیمت پر فروخت نہیں ہو رہی ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ بڑھی ہوئی قیمتوں کی وجہ سے ہمیں فائدہ نہیں بلکہ نقصان ہو رہا ہے کیونکہ بازار میں خریدار نہیں آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے کاروبار پر اثر پڑا ہے سبزیوں کے فروخت میں کمی آئی ہے۔
ایک خریدار نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ حکومت کی غلط پالیسیوں کے نتیجے میں مہنگائی میں اس قدر اضافہ ہوا ہے۔ پیاز اور آلو اتنے مہنگے ہو گئے ہیں کہ جہاں پہلے ایک کیلوں سے آدھا کیلو گرام پیاز خریدتے تھے تو اب صرف دو سو گرام سے ہی کام چلانا پڑ رہا ہے۔