کولکاتا: پارلیمنٹ میں بی جے پی کے رکن پارلیمان رمیش بدھوڑی کے بی ایس پی کے رکن پارلیمان کنور دانش علی کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کرنے اور گالی دینے کا تنازع کسی بھی حال میں تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ کانگریس سمیت تمام اپوزیشن جماعتوں نے اسپیکر اوم برلا سے اس معاملے میں سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ دوسری طرف لوک سبھا میں کانگریس کے لیڈر ادھیر رنجن چودھری نے بہوجن سماج پارٹی کے رکن دانش علی پربی جے پی کے رمیش بدھوڑی کی طرف سے ایوان میں کئے گئے ریمارکس کو لے کر آج لوک سبھا اسپیکر اوم برلا کو خط لکھ کر کہا کہ بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ کا تبصرہ شرمناک ہے اور ان کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: Mamata In Dubai وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے متحدہ عرب امارات کے وزیر برائے خارجہ تجارت ثانی بن احمد الزیودی سے ملاقات کی
کانگریس کے رکن پارلیمان چودھری نے کہا کہ پارلیمنٹ میں ایسا شرمناک سلوک پہلے کبھی نہیں ہوا۔ انہوں نے اسے غیر مہذب اور پارلیمنٹ کے وقار کے خلاف قرار دیا اور کہا کہ لوک سبھا کے اسپیکر کو قواعد کے مطابق مسٹر بدھوری کے خلاف سخت کارروائی کرنی چاہیے۔ مغربی بنگال پردیش کانگریس کے صدر ادھیر رنجن چودھری نے کہا کہ پارلیمنٹ میں ایسا پہلے کبھی نہیں ہوا۔ اس معاملے کو خصوصی اختیارات کمیٹی کے حوالے کیا جائے اور مسٹربدھوری کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہیے۔