یاس نام کے طوفان کے پیش نظر بنگال کے بیشتر اضلاع میں موسلادھار بارش شروع ہوگئی ہے، جس کی 26 مئی تک جاری رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
علی پور محکمہ موسمیات کے مطابق یاش نام کے طوفان کے پیش نظر ریاست میں 48 گھنٹوں قبل تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش شروع ہوگی۔
ریاست کے بیشتر اضلاع میں تیز بارش کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے اور چند اضلاع میں شام سے موسلادھار بارش شروع ہوسکتی ہیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ جنوبی 24 پرگنہ، شمالی 24 پرگنہ، مشرقی مدنی پور، ندیا اور بردوان جیسے اضلاع اس طوفان سے سب سے زیادہ متاثر ہوں گے۔
علی پور محکمہ موسمیات نے واضح کر دیا ہے کہ اس دوران تیز ہوائیں چلیں گی، جس کے باعث غیر معمولی نقصان بھی ہو سکتا ہے۔
وہیں دوسری جانب این ڈی آر ایف کے اعلیٰ آفیسر نے بتایا کہ طوفان کے مدنظر شمالی اور جنوبی بنگال میں کل 35 ٹیموں کو تعینات کیا گیا ہے۔ ساتھ ہی کوسٹل پولیس، بی ایس ایف اور بھارتی بحریہ یاس نام کے طوفان سے نمٹنے کے لیے پوری طرح سے تیار ہے۔
ذرائع کے مطابق خلیج بنگال میں ہواؤں کا دباؤ بننے کے سبب سے یاس(yaas) نامی طوفان آئندہ 26 مئی کی صبح کو مغربی بنگال کے ساحلی اضلاع سے ٹکرانے کا خدشہ ہے۔
واضح رہے کہ یاش طوفان کے پیش نظر شمالی 24 پرگنہ اور جنوبی 24 پرگنہ کے ساحلی علاقوں میں آباد باشندوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا کام جنگی سطح پر جاری ہے۔
گزشتہ سال 2020 میں امپھان نامی طوفان سے سمندر سے متصل اضلاع میں بھیانک تباہی ہوئی تھی، جس میں درجنوں لوگوں کی موت ہو گئی تھی اور سینکڑوں مکانات منہدم ہو گئے تھے۔