گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران جنوبی 24 پرگنہ اور شمالی 24 پرگنہ میں الگ الگ سیاسی جھڑپوں میں ترنمول کانگریس کے کارکن کی موت ہو گئی جبکہ بی جے پی کے ایک حامی کو گولی مار دی گئی۔
جنوبی 24 پرگنہ کے بروئی پور میں نامعلوم افراد نے راہل حسین سردار نام کے ایک ترنمول کانگریس کے رہنما کو گولی مار دی۔ ترنمول کانگریس کے رہنما راہل حسین سردار کو نرسنگ میں داخل کرایا گیا جہاں ان کی موت کی تصدیق کی گئی۔
ترنمول کانگریس کے ضلع کے اعلیٰ رہنما رفیق الاسلام کا کہنا ہے کہ سی پی ایم اور انڈین سیکولر فرنٹ کے حامیوں نے راہل پر حملہ کیا ہے۔ انہوں نے اس معاملے میں ملوث شرپسندوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔
دوسری طرف متحدہ محاذ نے ترنمول کانگریس کے الزام کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے راہل کی موت کو ترنمول کانگریس کا اندرونی معاملہ قرار دیا جبکہ شمالی 24 پرگنہ کے ٹیٹاگڑھ تھانہ علاقے میں ترنمول کانگریس کے امیدوار راجو چکرورتی کے جلوس کے دوران مبینہ فائرنگ میں بی جے پی کے رہنما شدید طور پر زخمی ہو گئے۔
بی جے پی کے رہنما کی شناخت مدھو رائے کے طور پر ہوئی ہے۔ وہ بہو آزار کے رہنے والے ہیں۔ ترنمول کانگریس نے جلسے کے دوران فائرنگ کے الزام کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔
بی جے پی کا کہنا ہے کہ ٹیٹاگڑھ سے بیرکپور کے درمیان ترنمول کانگریس کے روڈ شو کے دوران فائرنگ کی گئی جس میں بی جے پی کے رہنما شدید طور پر زخمی ہوگئے۔
ندیا ضلع کے نکاشی پاڑہ میں ترنمول کانگریس اور بی جے پی کے حامیوں کے درمیان جھڑپ میں فیروز شیخ نام کے ایک شخص گولی لگنے سے شدید طور پر زخمی ہو گئے۔
ریاست میں منعقد ہونے والے اسمبلی انتخابات 2021 کی تاریخ جیسے جیسے قریب آ رہی ہے ویسے ہی سیاسی جماعتوں کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے۔
اسمبلی انتخابات سے ریاست کے تمام اضلاع میں مرکزی فورسز کی تعیناتی کے باوجود سیاسی جماعتوں کے حامیوں کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔
سیاسی جھڑپوں میں اب تک سینکڑوں لوگوں کی جان چلی گئی ہے۔ روزانہ ضلع شمالی 24 پرگنہ میں ترنمول کانگریس اور بی جے پی کے حامیوں کے درمیان خونی جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔
واضح رہے کہ مغربی بنگال میں منعقد ہونے والے اسمبلی انتخابات 2021 اس مرتبہ آٹھ مراحل میں منعقد ہوں گے اور 27 مارچ کو پہلے مرحلے میں ووٹ ڈالے جائیں گے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے مغربی بنگال کے شمالی 24 پرگنہ اور جنوبی 24 پرگنہ کو حساس بتائے جانے کے بعد بڑی تعداد میں مرکزی فورسز کی تعیناتی کے باوجود سیاسی جماعتوں کے درمیان خونی جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔
انتخابی کمیشن کی جانب سے تمام تیاریاں مکمل ہوچکی ہے اور حساس اضلاع میں مرکزی فورسز کی تعیناتی کا سلسلہ جاری ہے۔
سی پول سروے رپورٹ کے مطابق ممتا بنرجی کی قیادت والی حکمراں جماعت ترنمول کانگریس مسلسل تیسری مرتبہ اقتدار میں آئے گی لیکن اس کے ساتھ ہی حکمراں جماعت کی سیٹز کم ہونے کا واضح اشارہ دیا گیا ہے۔