وزیراعظم نے ممتا بنرجی کے نندی گرام سے انتخاب لڑنے کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’انہو ں نے اپنی اسکوٹی کو بھوانی پور سے نندی گرام کی طرف موڑ لیا ہے۔ اگر دیدی کی اسکوٹی کا گرنا نندی گرام میں ہی مقصود ہے تو میں کیا کرسکتا ہوں۔ خیال رہے کہ ممتا بنرجی نے گزشتہ ہفتے اسکوٹی کے ذریعہ تیل کے بڑھتے ہوئے دام کی مخالفت کی تھی۔ نریندر مودی نے کہا کہ ترنمول کانگریس کا کھیل ختم ہوچکا ہے کیونکہ مغربی بنگال میں تبدیلی کےلیے عوام نے ممتا بنرجی پر بھروسہ کیا تھا لیکن انہوں نے عوام کے اعتماد کو توڑا ہے۔
وہیں ممتا بنرجی نے بھی وزیراعظم پر جم کر حملہ کیا اور نریندر مودی کی تقریر پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں صرف ایک ہی سنڈیکیٹ ہے، وہ ’نریندر مودی اور امت شاہ‘ کا ہے۔ انہوں نے وزیراعظم مودی پر تمام سرکاری کمپنیوں کو فروخت کرنے کا بھی الزام عائد کیا۔ ممتا بنرجی نے آج سلی گوڑی میں مہنگائی کے خلاف جلوس نکالتے ہوئے کہا کہ مہنگائی میں بے تحاشا اضافے کےلیے مرکز کی پالیسیوں کو ذمہ دار بتایا۔ انہوں نے کہا کہ تیل کی قیمتوں اضافے کی وجہ سے ہر چیز مہنگی ہوئی ہے۔