مغربی بنگال کے شمالی 24 پرگنہ کے جگتدل تھانہ کے تحت بھاٹ پاڑہ علاقے سے این آئی اے نے بی جے پی کے رکن پارلیمان ارجن سنگھ کے مکان پر بموں سے حملہ کرنے کے الزام میں ترنمول کانگریس کے کاؤنسلر کے بیٹے کو گرفتار کر لیا۔ این آئی اے کی ٹیم نے خفیہ اطلاع کی بنیاد پر بھاٹ پاڑہ علاقے میں خصوصی تلاشی مہم کے دوران ترنمول کانگریس کے کاونسلر کے بیٹے نرمت سنگھ اور اس کے ایک ساتھی ابھیشک چودھری کو گرفتار کر لیا۔
این آئی اے کی گرفتار لوگوں سے پوچھ گچھ جاری ہے۔ اس معاملے میں مزید لوگوں کی گرفتاری عمل میں آ سکتی ہے۔ دوسری طرف بیرکپور سے بی جے پی کے رکن پارلیمان ارجن سنگھ نے کہا کہ این آئی اے کی ٹیم بڑے بڑے کارناموں کو انجام دیتی ہے۔ بموں سے حملہ کرنے کے الزام میں گرفتار افراد معمولی غنڈے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:
Anis Khan Father Hopeful for Justice: مقتول انیس خان کے والد کو عدالت سے انصاف کی امید
دوسری طرف ترنمول کانگریس کے رہنما دیب جیت گھوش نے کہا کہ ترنمول کانگریس کے کاونسلر کے بیٹے کی گرفتاری ایک سیاسی انتقام کا نتیجہ ہے۔ اس سے زیادہ کچھ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ این آئی اے کی ٹیم کا اب چھوٹے چھوٹے معاملے کی جانچ کرنے کا کام رہ گیا ہے۔ ترنمول کانگریس ہی نہیں بلکہ مغربی بنگال کے لوگوں کو بی جے پی کے سیاسی انتقام کا علم ہے۔