ریاست مغربی بنگال میں کورونا کے بڑھتے خطرات کے مد نظر جاری جزوی لاک ڈاؤن کی وجہ سے کاروبار پر کافی اثر پڑا ہے۔ کولکاتا کے تاریخی نیو مارکٹ کے دکانداروں کو خصوصی طور پر مصیبت کا سامنا ہے۔ عید کے موقع پر بڑی تعداد میں لوگ یہاں خریداری کرنے آتے ہیں۔ نیو مارکٹ کے دکانداروں کا الزام ہے کہ شہر کے دوسرے مارکٹ کھلے ہوئے ہیں لیکن نیو مارکٹ کے دکانداروں کے ساتھ زیادتی کی جا رہی ہے۔
کورونا وائرس کے بڑھتے خطرات کے مد نظر حکومت کی طرف سے کووڈ پروٹوکال پر سختی سے عمل در آمد کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ریاست کے بازاروں اور دوسری بھیڑ والی جگہوں پر وقت کی حد بندی کر دی گئی ہے۔ خوردنی اشیاء کے علاوہ باقی چیزوں کی دکانوں اور مارکٹ وغیرہ کے لئے وقت کی حد بندی کر دی گئی ہے۔
بنگال میں جاری جزوی لاک ڈاؤن کا کاروباری زندگی پر کافی اثر پڑ رہا ہے۔رمضان المبارک کا آخری عشرہ چل رہا ہے۔ اس دوران بڑے پیمانے پر عید کی خریداری ہوتی ہے لیکن جزوی لاک ڈاؤن کے دوران دکانداروں کو چند گھنٹے ہی کاروبار کرنے کا موقع مل رہا ہے جس کی وجہ سے ان کا کافی نقصان ہو رہا ہے۔
کولکاتا کے تاریخی نیو مارکٹ میں سناٹہ چھایا ہوا ہے۔شام 5 سے 7 بجے تک ہی دکانیں کھولنے کی ہدایت ہے لیکن یہ سہولت نیومارکٹ کے باہر موجود دکانوں کو ہی حاصل ہے جبکہ نیومارکٹ کے اندر موجود دکانیں پوری طرح بند ہیں جس کی وجہ سے عید کے موقع پر پہلے سے اسٹاک میں رکھے ہوئے مال کی وجہ سے دکاندار کافی پریشان ہیں۔ نیو مارکٹ کے باہری حصے میں کچھ دکاندار ہیں جن کی دکانیں تو کھل رہی ہیں لیکن ان دکانوں میں بجلی موجود نہیں ہے۔
ای ٹی وی بھارت نے پریشان حال نیو مارکٹ کے دکانداروں سے بات کی تو ایک دکاندار نے بتایا کہ کورونا کا خوف ہے۔ احتیاط برتنا بھی ضروری ہے۔لیکن سیزن بھی ہے۔ دو ماہ قبل ہم نے اس کے لئے اسٹاک کر لیا تھا لیکن لاک ڈاؤن کی وجہ سے خریدار نہیں آرہے ہیں یا ہماری دکانیں بند رہ رہی ہیں، بجلی بھی نہیں ہے۔ حکومت کو چاہئے کہ دکانیں کھولنے کے اوقات میں تبدیلی کرے تاکہ ہم کاروبار کر سکیں۔
ایک اور دکاندار نے بتایا کہ جزوی لاک ڈاؤن ایک طرح سے مذاق ہے۔مکمل لاک ڈاؤن ہوتا تب جاکر کچھ فائدہ ہوتا۔ شہر کے تمام مارکٹ تو کھلے ہوئے ہیں توپسیا ،فینسی مارکٹ، فائیو اسٹار مارکٹ صرف نیو مارکٹ کو ہی بند کر دیا گیا ہے۔ہم لوگوں کی دکان مارکٹ کے باہری حصے میں ہے اسی لئے ہم نے احتجاجی طور پر کھولا ہوا ہے اور اندھیرے میں کاروبار کر رہے ہیں۔عید کا موقع ہے لیکن ہم کاروبار نہیں کر پارہے ہیں۔نیو مارکٹ والوں کے ساتھ زیادتی کی جا رہی ہے جبکہ شہر کے دوسرے مارکٹ ہو یا پورے دھرمتلہ کے باہر ساری دکانیں کھلی ہوئی ہیں۔
ایک اور دکاندار نے بتایا کہ جزوی لاک ڈاؤن کی وجہ سے چند گھنٹے ہی دکان کھول پا رہے ہیں جس کی وجہ سے عید کے موقع پر بھی نیو مارکٹ بند ہیں ہمارا کافی نقصان ہو رہا ہے۔ مال بھرا پڑا ہے اگر عید میں نہیں فروخت ہوگا تو پھر سب بیکار ہو جائےگا۔
کولکاتا کے نیو مارکٹ کا اصل نام سر اسٹیورٹہاگ مارکٹ ہے، یہ ڈیرھ سو سال قدیم مارکٹ ہے ۔ابھی یہ مارکٹ راست طور پر کولکاتا کارپوریشن کے ماتحت میں ہے۔ہزاروں کی تعداد میں اس مارکٹ میں دکانیں موجود ہیں لیکن لاک ڈاؤن کی وجہ سے دکان بند ہونے سے کافی نقصان ہو رہا ہے نیو مارکٹ کے دکانداروں کو مصیبت کا سامنا ہے۔