ضلع بیر بھوم میں ای ٹی وی بھارت کے رپورٹر کے خلاف تین مقدمے درج کیے گئے ہیں۔ جس پر نامہ نگار ابھیشیک دتہ رائے نے کلکتہ ہائی کورٹ میں پیشگی ضمانت کی عرضی داخل کی۔ اس معاملے کی سماعت کے دوران ہائی کورٹ نے سخت تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ رپورٹر کی آواز دبانے کے لیے مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
ہائی کورٹ نے کہا ہے کہ مقدمہ درج کرکے صحافی کی آواز دبانے کی کوشش کی گئی ہے۔ صحافی نے پیشگی ضمانت کے لیے ہائی کورٹ سے رجوع کیا ہے۔
ای ٹی وی بھارت کی جانب سے سماعت میں وکیل جینت نارائن چٹوپادھیائے اور نظیر احمد نے شرکت کی۔ اور کورٹ میں صحافی کی بے گناہی کے دلائل پیش کیے۔ جس کے بعد عدالت نے صحافی کے حق میں اور انتظامیہ کے خلاف تبصرہ کیا۔
خیال رہے کہ غیر قانونی کان کنی کے معاملے پر ای ٹی وی بھارت کے رپورٹر نے رپورٹ کی تھی جس کے بعد ان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔ کورٹ نے یہ بھی کہا کہ صحافی نے جو رپورٹ کی ہے اس کی تحقیقات کرائی جائے اور خاطیوں کے خلاف سخت کاروائی کو یقینی بنایا جائے۔ بدعنوانی کی رپورٹنگ کرنا صحافی کا حق ہے اور بدعنوانی کا خاتمہ کرنا انتظامیہ پر فرض ہے۔
مزید تفصیلات کا انتظار ہے۔