ملک کی دوسری ریاستوں کی طرح مغربی بنگال کے تمام اضلاع میں بھی عید الضحٰی کی تیاریاں زور شور سے جاری ہے۔ جانوروں کی منڈی میں خریداروں کی بھیڑ دیکھی جا رہی ہے۔ عیدالاضحیٰ کے آخری ایام میں تیاریوں کے درمیان مختلف مساجد کے علماء کرام نے ای ٹی وی بھارت سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے موجودہ صورتحال پر تبادلہ کیا۔ Muslim Scholars Suggest Caution on Eid al-Adha
جنوبی 24 پرگنہ کے تاریخی شہر میٹیابرج میں واقع بیگم مسجد کے امام اور نائب قاضی ادارۂ شرعیہ کولکاتا مفتی محمد رفیق الاسلام مصباحی نے کہا کہ بھارت ایک پر امن ملک ہے جہاں تمام مذاہب کے لوگ ایک دوسرے کے ساتھ مل جل کر رہتے ہیں۔
مفتی نے کہا کہ عام لوگوں کو نفرت بھڑکانے والوں کو پہچاننے کی ضرورت ہے۔ نفرت کی سیاست کرنے والوں سے دوری بنانا لازمی ہے۔ کیونکہ ہمیں ہر حال میں امن کی فضا برقرار رکھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دس جولائی کو بھارت سمیت پوری دنیا میں عیدالاضحیٰ منائی جائے گی لہذا مسلمانوں سے اپیل ہے کہ وہ ذمہ داری اور احتیاط کے ساتھ تہوار منائیں۔
جانوروں کی نمائش سے گریز کریں تاکہ ہمارے برادران وطن کو کسی بھی قسم کی کوئی پریشانی نہ ہو۔ گارڈن ریچ میں واقع ننھو مسجد کے امام عمان رضا برکاتی نے کہا کہ ملک کی موجودہ صورتحال کے لئے چند مخصوص نیوز چینل ہیں۔ حکومت کو ان نیوز چینل پر ہونے والے مباحثے پر مکمل طور پر پابندی عائد کر دینی چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: Significance of Eid-ul-Adha: 'عید الضحی کی قربانی کے لئے تقوی ضروری'
انہوں نے کہا کہ نیوز چینلز پر ایسے مولویوں کو مباحثے کے لئے مدعو کیا جاتا ہے جو عوام کے سامنے آدھی ادھوری باتیں کرتے ہیں. لہذا تجربہ کار اور مستند علماء کرام کو بلایا جائے جو اسلام کی حق گوئی کو مکمل اور صحیح انداز میں پیش کرسکیں۔ان کا کہنا ہے کہ جہاں تک عیدالاضحیٰ کی بات ہے تو بھارت کے مسلمان ذہین ہیں اور ہمیشہ کی طرح اس مرتبہ اپنی ذہنیت کی مثال پیش کریں گے۔ انھوں نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر مسلمانوں کو غیر معمولی احتیاط برتنے کی بھی اپیل کی۔
جنوبی 24 پرگنہ کے میٹیا برج میں واقع لال مسجد کے امام راشد علوی نے کہا کہ صورتحال چاہے جو بھی ہو، مسلمان ذمہ داری اور احتیاط کے ساتھ عیدالاضحیٰ منائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم امن و امان چاہتے ہیں اور اس کے لئے ہر ممکن کوشش کرتے ہیں۔ انشاءاللہ امن و امان کی فضا برقرار رہے گی۔ لوگوں سے افواہوں پر توجہ نہ دینے کی اپیل کی جا رہی ہے۔ احتیاط کے ساتھ تہوار منائیں اور برادران وطن کے ساتھ خوشیاں بانٹیں۔