یاس طوفان کے گزر جانے کے بعد مغربی بنگال کے موسم میں بڑی تبدیلی دیکھنے کو مل رہی ہے۔ موسم کا مزاج بھی پوری طرح سے بدلا بدلا ہے۔ آج صبح سے دارالحکومت کولکاتا اور اس کے اطراف کے اضلاع شمالی 24 پرگنہ، جنوبی 24 پرگنہ اور ہوڑہ میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
علی پور محکمہ موسمیات دفتر کے مطابق ریاست کے موسم میں یاس طوفان کا بہت گہرا اثر دیکھنے کو مل رہا ہے۔ موسم میں اچانک آئی تبدیلی کا خلیج بنگال سے متصل اضلاع پر کافی خطرناک اثر دیکھائی دے رہا ہے۔ جنوبی 24 پرگنہ پر اس کا سب سے زیادہ اثر پڑا ہے۔
علی پور محکمہ موسمیات کے مطابق یاس طوفان کا اثر اگلے ایک ہفتہ تک جاری رہ سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس تبدیلی کے سبب پندرہ دن قبل ہی مونسون کی آمد ہو سکتی ہے۔ عموماً 15 جون کے بعد ہی بنگال میں مونسون کی آمد ہوتی ہے لیکن اس مرتبہ مونسون دس سے بارہ دنوں قبل ہی دستک دے سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق موسم میں معمولی تبدیلی کے سبب کیرالہ میں تین جون کو ہی مونسون کی آمد متوقع ہے۔ اس کے بعد بنگال میں پہنچنے میں تقریبا 10 سے 12 دن پہلے ہی بارش کی آمد ہو سکتی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ 26 مئی کو یاس طوفان کے سبب خلیج بنگال سے متصل اضلاع میں بھاری تباہی ہوئی ہے۔ اس کا موسم پر بھی گہرا اثر پڑا ہے۔