بنگال حکومت کی جانب سے جاری گائیڈلائن میں کہا گیا ہے کہ اسکول، کالج، دیگر تعلیمی ادارے، سنیما ہال، سوئمنگ پول، انٹر ٹینمنٹ پارک اور تھیٹر حسب دستور بند رہیں گے۔ تاہم اوپن تھیٹر کو کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔
اس کے علاوہ ستمبر میں 7 ،11 اور 12 کو ریاست بھر میں لاک ڈاؤن نافذ رہے گا۔
مرکزی وزارت داخلہ نے 2 اگست کو ’آن لاک 4.0‘ کے لیے گائیڈلائن جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ کنٹینمنٹ زون کے باہر لاک ڈاؤن نافذ کرنے کیلئے ریاستی حکومت کو مرکزی وزارت داخلہ سے اجازت لینی ہوگی۔ صرف کنٹینمنٹ زون میں لاک ڈاؤن نافذ کیا جائے گا۔
پیر کو جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ اسکول، کالج یا کوئی بھی تعلیمی ادارہ نہیں کھولا جاسکتا ہے اور ہر قسم کے اجتماع پر بھی پابندی نافذ رہے گی۔ تاہم کنٹینمنٹ زون سے باہر کچھ معاملات میں ریاستی حکومت کی طرف سے نئی مراعات دی گئی ہیں۔ اوپن تھیٹر 21 ستمبر سے کنٹینمنٹ زون کے باہر کھولنے کی اجازت دیدی گئی ہے۔ 21 ستمبر سے معاشرتی، تفریحی، ثقافتی، مذہبی اور سیاسی پروگراموں کی منظوری دی گئی ہے۔ ایونٹ میں 100 افراد شامل ہوسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ اوپن ایئر تھیٹر 21 ستمبر سے کھلا ہوگا۔
21 ستمبر سے، کنٹینمنٹ زون سے باہر 50 فیصد اساتذہ کو اسکول جانے کی اجازت دی گئی ہے۔ وہاں سے کلاسز آن لائن کروائے جائیں گے۔ ٹیلی کونسلنگ کا کام بھی ہوگا۔ ایک ریاست سے دوسری ریاست میں یا ایک ضلع سے دوسرے ضلع جانے والے گاڑیوں پر اب کوئی کنٹرول نہیں کیا جائے گا اور الگ سے اجازت نامے کی ضرورت نہیں ہے۔
وزیر اعلی ممتا بنرجی پہلے ہی کہہ چکی ہیں کہ ہاٹ اسپاٹ شہروں ممبئی، پونے، ناگپور، دہلی، احمدآباد اور چنئی سے ہفتے میں 3 دن ہوائی سروس پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔ اس سے قبل وزیر اعلی ممتا بنرجی نے اگست میں ہفتے میں دو دن لاک ڈاؤن کا اعلان کیا تھا لیکن بعد میں اس میں کئی مرتبہ تبدیلی کی گئی۔اب دیکھنا یہ ہے کہ ستمبر میں بھی لاک ڈاؤن کی تاریخ میں کوئی تبدیلی ہوتی ہے یا نہیں۔