مغربی بنگال میں اگلے برس ہونے والے اسمبلی انتخابات کے مدنظر سیاسی جماعتوں کے درمیان بیان بازی انتہائی عروج پر پہنچ گئی ہے۔ بی جے پی اور ترنمول کانگریس کے رہنماوں کے درمیان لفظی جنگ تہذیب کے دائرے سے بھی باہر چلی گئی ہے۔ بی جے پی کے ریاستی صدر دلیپ گھوش نے ترنمول کانگریس کے رکن پارلیمان ابھیشک بنرجی کو غنڈہ والے بیان پر قانونی نوٹس بھیجا ہے۔
انہوں نے اپنے قانونی نوٹس میں ترنمول کانگریس کے یوتھ صدر کو 72 گھنٹوں میں اپنے بیان پر وضاحت پیش کرنے اور معافی مانگے کی بات کہی ہے۔
بی جے پی رہنما کا کہنا ہے کہ سیاست سیاست کی طرح کی جائے تو اس میں سب کی بھلائی ہے ورنہ بہت کچھ ہو سکتا ہے۔ دلیپ گھوش کا کہنا ہے کہ میں ایک بار پھر کہتا ہوں کہ کسی کو بھائی پو کہنا کوئی بری بات نہیں ہے۔ اگر کسی کو برا لگتا ہے اس میں کوئی کیا کر سکتا ہے۔
واضح رہے کہ مغربی بنگال کی وزیراعلی ممتابنرجی کے بھتیجے اور رکن پارلیمان ابھیشک بنرجی نے بی جے پی کے ریاستی صدر دلیپ گھوش کے خلاف متنازعہ بیان دیا. انھوں نے مالدہ ضلع میں عوامی جلسے کو خطاب کرتے ہوئےدلیپ گھوش، کیلاش وجے ورگیہ پر غنڈہ گردی کا الزام لگایا تھا۔