مغربی بنگال میں ریاستی اسمبلی انتخابات کے پیش نظر حالات میں تیزی سے تبدیلی آ رہی ہے۔ ایک طرف جہاں ریاست میں سیاسی سرگرمیاں تیز ہوگئیں ہیں تو دوسری جانب کچھ عناصر سیاسی فائدے کیلئے سماج کو بانٹنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
بنگال میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی فضا دوسری ریاستوں سے بہتر ہے۔ لیکن اس کو تبدیل کرنے کی مسلسل کوششیں کی جارہی ہے۔ اس کو دیکھتے ہوئے ریاست کی مختلف جمہوری تنظیموں نے 'بنگلہ بچاؤ سنوِدھان بچاؤ' منچ بنایا ہے۔
اس منچ کے حوالے سے تمام تنظیمیں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی بقا اور سماج کو بانٹنے کی سازشوں کے خلاف تحریک چلا رہی ہیں اور مختلف علاقوں میں جلسوں کے ذریعہ لوگوں کو سمجھانے کی کوشش کررہی ہیں۔
اس منچ میں شامل جماعت اسلامی مغربی بنگال کے سیکریٹری شاداب معصوم نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ 1905 میں بنگال کو جغرافیائی لحاظ سے تقسیم کرنے کی کوشش کی گئی تھی، لیکن اس بار بنگال کو سماجی طور پر بانٹنے کی کوشش ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 'اس مقصد کے لئے کچھ فرقہ پرست عناصر بنگال میں سرگرم ہیں جن کے خلاف مختلف جمہوریت پسند تنظیمیں مل کر بنگلہ بچاؤ سنویدھان بچاؤ منچ بنایا ہے جو فرقہ پرست طاقتوں کے خلاف متحد ہوکر مہم چلارہی ہے۔
مزید پڑھیں:
ممتا بنرجی اور امت شاہ کے مابین لفظی جنگ
شاداب معصوم نے کہا کہ 'بنگال میں تمام مذاہب کے لوگوں کے متحد ہوکر رہنے کی روایت ہے اور ہم اس روایت کو برقرار رکھنے کے لئے اس منچ کے تحت پوری ریاست میں تحریک چلائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں اس منچ کا پہلا جلسہ دھرمتلہ میں منعقد ہوا ہے اسی طرح کے جلسے پوری ریاست میں ہم کریں گے اور فرقہ پرست طاقتوں کی کوششوں کو ناکام بنائیں گے۔