ریاستی وزیر کھیل اروپ رائے نے کہا کہ 'میں ترنمول کانگریس پارٹی چھوڑ کر کہیں نہیں جاؤں گا۔ میرے بارے میں غلط اور بے بنیاد باتیں پھیلائی جا رہی ہیں۔
وزیر کھیل اروپ رائے نے کہا کہ سنہ 1997 میں ترنمول کانگریس کا حصہ بنا تھا۔ بڑی محنت اور جدوجہد کے بعد ہوڑہ ضلع میں ترنمول کانگریس کو مستقل مقام دلایا۔
واضح رہے کہ رکن پارلیمان سمترا خان نے عوامی جلسے میں خطاب کے دوران کہا تھا کہ ترنمول کانگریس کے دو وزراء اروپ رائے اور راجیب بنرجی بہت جلد بی جے پی کا حصہ بننے والے ہیں۔ جس کے بعد یہ خبر ریاست میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی۔
مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کے پیش نظر ریاست میں ابھی سے سیاسی کھیل میں تیزی آگئی اور بی جے پی اور ترنمول کانگریس میں رسہ کشی جاری ہے۔
اسمبلی انتخابات کی وجہ سے جاری سیاس کھیل میں حکمراں جماعت ترنمول کانگرس کو بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ممتا بنرجی کی قیادت والی ترنمول کانگریس کو اب تک سات ارکان اسمبلی اور ایک رکن پارلیمان کو کھونا پڑا ہے۔
دوسری جانب بی جے پی کے رکن پارلیمان سمترا خان کی بیوی سُجاتا منڈل خان (رکن اسمبلی) کے ٹی ایم سی میں شامل ہونے سے بی جے پی کو بھی دھچکا لگا ہے۔