مغربی بنگال کے دو روزہ دورے کے لیے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کولکاتا پہنچ گئے ہیں۔ایئرپورٹ پر بی جے پی رہنماؤں کی جانب سے امت شاہ کا پر جوش استقبال کیا گیا۔امت شاہ کے استقبال کے لیے مکل رائے، کیلاش وجئے ورگیہ، شنکھو دیب پانڈا موجود تھے۔
ایئرپورٹ سے باہر نکلنے کے بعد بی جے پی حامیوں کی خواہش پر امت شاہ کچھ دیر پیدل چلے اور حامیوں کا شکریہ ادا کیا۔مغربی بنگال میں 2021 میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے مد نظر امت شاہ کا یہ دورہ کافی اہم سمجھا جا رہا ہے۔
کولکاتا پہنچتے ہی امت شاہ نے بی جے پی کے ہلاک شدہ کارکن مدن گھورئی کے اہلخانہ سے نیو ٹاؤن کے ہوٹل میں ملاقات کی۔مدن گھورئی کا مبینہ طور پر گزشتہ 13 ستمبر کو قتل کر دیا گیا تھا۔ اور کلکتہ ہائی کورٹ کی ہدایت کے باوجود ابھی اس کا پوسٹ مارٹم نہیں کیاگیا ہے۔ مدن گھورئی کے اہل خانہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے اس سلسلے میں ملاقات کرکے انصاف دلانے کا مطالبہ کیا ہے۔
امت شاہ نے مدن گھورئی کے اہلخانہ سے کہا ہے کہ ان کے پارٹی کے کارکنان جنہوں نے ان کی پارٹی کے لیے اپنی جان کی قربانی دی ہے۔ اس قربانی کی پارٹی ہمیشہ احسان مند رہے گی۔جنہوں نے بنگال میں جاری نا انصافیوں اور ظلم کے خلاف لڑنے میں اپنی جان گنوادی۔
امت شاہ آج صبح ساڑھے دس بجے ہیلی کاپٹر سے بیر بھوم کے لیے روانہ ہوں گے۔جہاں وہ پارٹی رہنماؤں کے ساتھ 2021 میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں پارٹی کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کریں گے۔