مغربی بنگال کے کابینہ وزیر جاوید احمد خان نے ای ٹی وی بھارت سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریاست کی موجودہ سیاسی صورتحال کو لے کر کسی کو کچھ بولنے کی ضرورت نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ گورنر جگدیپ دھنکر آئینی سربراہ ہیں، ہر معاملے میں ٹویٹ کرنا، ہر معاملے میں بیان بازی کرنا، یہ سب ان کا کام نہیں ہے۔
ترنمول کانگریس کے سینئر رہنما کا کہنا ہے کہ گورنر جگدیپ دھنکر کو بیان بازی کو چھوڑ کر کوئی دوسرا کام کرتے ہوئے نہیں دیکھا گیا ہے۔
وزیر نے کہا کہ اگر ریاست کو لے کر فکرمند ہوتے تو بنگال کے حصے کا کورونا ویکسین دلوانے کے لئے مرکزی حکومت پر دباؤ ڈالتے لیکن انہوں نے اس سلسلے میں کچھ بھی نہیں کہا۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ ماہ 26 مئی کو یاس نامی طوفان سے جنوبی 24 پرگنہ، شمالی 24 پرگنہ اور مشرقی میدنی پور ضلع میں بھاری تباہی مچی، لوگ اب بھی کیمپ میں رہنے پر مجبور ہیں۔ ان کے بارے میں کبھی کچھ نہیں کہا۔
گورنر جگدیپ دھنکر پر تنقید کرتے ہوئے ریاستی وزیر نے کہا کہ مرکزی حکومت سے کہہ کر طوفان سے متاثرہ علاقوں میں ہسپتال بنواتے، وہاں کے لوگوں کے لئے مفت کورونا ویکسین دلوانے کا انتظام کراتے تو بہتر ہوتا. صرف بیان بازی کرنے سے کچھ نہیں ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ممتابنرجی ریاست کے تمام مسائل حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کرتی ہیں۔ انہیں مرکزی حکومت سے دور گورنر سے بھی کوئی مدد نہیں ملتی ہے۔
ریاستی وزیر کا کہنا ہے کہ عوام کی بنیادی ضروریات کو پوری کرنے بارے میں کوئی بات کرتا ہے تو خیرمقدم ہے ورنہ آپ اپنا کام کیجیے اور ہمیں ہمارا کام کرنے دیجیے۔