ریاست مغربی بنگال کے شمالی ضلع 24پرگنہ کے ٹیٹاگڑھ میںکالوین جُوٹ مِل کے پاٹ ڈیپارٹمنٹ میں بھیانک آگ لگ گئی، جس سے جوٹ مل اور اس کے اطراف میں افراتفری مچ گئی۔
بتایا جارہا ہے کہ اس واقعے میں لاکھوں کا نقصان ہوا ہے، جبکہ آگ اتنی تیزی سے پھیلی کہ دیکھتے ہی دیکھتے آگ بھیانک شکل اختیار کرگئی۔
فائر بریگیڈ کے پانچ انجنوں کی مدد سے گھنٹوں کی مشقت کے بعد آگ پر قابو پایا جاسکا، مزدوروں نے بھی فائر بریگیڈ کے اہلکاروں کی مدد کی۔
فائر بریگیڈ کے اہلکار کے مطابق شارٹ سرکٹ کی وجہ سے جوٹ مل کے پاٹ ڈیپارٹمنٹ میں آگ لگی، اس کے باوجود پورے معاملے کی تفتیش کی جا رہی ہے، تاکہ یہ پتہ چل سکے کہ کہیں کسی کی کوئی غلطی لاپروائی تو نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس واقعے میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے لیکن کثیر نقصان ہوا ہے۔
دوسری طرف مزدوروں کا کہنا ہے کہ پاٹ گھر میں اچانک آگ لگ گئی، اور فائر بریگیڈ کو اس کی اطلاع دی گئی، لیکن وہ تاخیر سے پہنچے، تاہم فائر بریگیڈ کے اہلکاروں نے مزدوروں کی شکایت کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔