مغربی بنگال میں کورونا کے معاملے میں تیزی سے ہورہے اضافے کے سبب ریاستی حکومت نے 16 مئی کی صبح 6 بجے سے 30 مئی کی شام 6 بجے تک مکمل لاک ڈاؤن نافذ کردیا ہے۔
اس دوران ریاست کے دارالحکومت کولکاتا میں لاک ڈاؤن کا گہرا اثر دیکھنے کو ملا، کولکاتا شہر کے معمولات زندگی پوری طرح سے مفلوج نظر آئے۔
حکومت کی جانب سے جاری کورونا گائڈ لائن کے مطابق گزشتہ روز ریاست بھر کے تمام بازار، شاپنگ مال، کلب، اسکول کالج وغیرہ مکمل طور پر بند رہے۔
اس درمیان پبلک ٹرانسپورٹ کو بھی مکمل طور پر بند کرنے کی ہدایت جاری کی گئی تھی جس سے بس، آٹو، رکشا اور پرائیویٹ گاڑیوں کی آمد و رفت ندارد رہی۔
واضح رہے کہ ریاستی حکومت کی طرف سے 15 روزہ لاک ڈاؤن کے درمیان کچھ راحت بھی دی گئی ہے جس میں اشیائے ضروریہ کی خرید و فروخت کے لئے صبح 7 بجے سے 10 بجے تک کی چھوٹ دی گئی ہے اس کے علاوہ میڈیکل و دیگر ایمرجنسی خدمات کے لئے راحت دی گئی ہے۔
شہر کی تمام سڑکوں پر پولس کی تعیناتی کی گئی ہے جو بلا ضرورت گھومنے والوں پر واجب کارروائی کر رہی ہے۔