مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتابنرجی نے کہاکہ خلیج بنگال سے متصل اضلاع میں بلبل طوفان کی وجہ سےبھیانک تباہی کے بعد راحت رسانی کا کام جاری ہے ۔اس دوران یہاں 25نومبر سے امتحانات ہونے والے تھے مگر اب 2دسمبر سے امتحانات ہوں گے۔
بچوں کے دن کے موقع پر وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے ریاستی سیکریٹریٹ میں بڑی تعداد میں اسکولی بچے اور اساتذہ سے ملاقات کی۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ طوفان سے متاثرہ اضلاع میں امتحانات ملتوی کردیے گئے ہیں۔بلبل طوفان سے بنگال کے ساحلی اضلاع بہت ہی زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ سب سے زیادہ دونوں 24پرگنہ اور مشرقی مدنی پورضلع متاثر ہے۔جہاں بڑے پیمانے پر مکانات اور کھیتی کو نقصان پہنچا ہے۔
ریاستی سیکریٹری نوبنو سے جاری ابتدائی رپورٹ کے مطابق بلبل طوفان سے ریاست کے 9اضلاع متاثر ہے۔ان اضلاع میں 3لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں اور 7ہزار سے زائد مکانات منہدم ہوگئے ہیں۔ہزاروں کی تعداد میں درخت گرگئے ہیں۔
وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے سوموار اور بدھ کو جنوبی 24پرگنہ اور شمالی پرگنہ ضلع کے متاثرہ علاقے کا دورہ کیا تھا۔ان دونوں اضلاع میں وزیرا علیٰ نے ضلع افسران کے ساتھ میٹنگ بھی کی تھی۔
وزیر اعلیٰ نے ان اضلاع کے افسران کو جلد سے جلد راحتی سامان پہنچانے کی ہدایت دی تھی۔وزیر اعلیٰ نے میٹنگ میں کہا تھا کہ کوئی بھی ایک شخص ریلیف سے محروم نہیں رہے۔
غذائی اشیاء پہنچانے کے ساتھ بچوں کی غذا اور دوائیاں اور او آر ایس جلد سے جلد لوگوں کو پہنچائیں۔ریلیف کے کاموں پر سیاست نہیں ہونا چاہیے۔
اس کے علاوہ تمام متاثرہ گاؤں میں موبائل ہیلتھ ٹیم کو بھیجنے کی بھی ہدایت دی تھی،
واضح رہے کہ گزشتہ روز خلیج بنگال میں آیاطوفان کے سبب سمندر سے متصل اضلاع میں زبردست تباہی مچی تھی ۔اس دوران متعدد افراد کی موت ہو ئی تھی۔