ایک سینئر آفیسر نے بتایا کہ یہ واقعہ الوبیریا شمال اسمبلی طبقہ کے گاؤں تلسیبیریا میں پیش آیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مقامی لوگوں نے جب ترنمول کانگریس کے لیڈر کے گھر کے باہر الیکشن کمیشن کے اسٹیگر والی گاڑی دیکھی تو احتجاج کرنا شروع کردیا۔
اس کے بعد یہ پتہ چلا کہ سیکٹر 17 کا افسر تپن سرکار ای وی ایم کے ساتھ ترنمول کانگریس کے لیڈر کے گھر گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ای وی ایم اور وی وی پی اے ٹی قبضہ میں لیا گیا اور افسر کو معطل کردیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج کی پولنگ میں چار مشینیں استعمال نہیں ہورہی ہیں۔ ہم نے ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر سے رپورٹ طلب کی ہے۔
سیکٹر آفیسر نے دعوی کیا کہ وہ بہت دیر سے اس علاقے میں پہنچا اور اسے پولنگ بوتھ بند پڑا ملا، جس کے بعد اس نے اپنے رشتہ دار کی رہائش گاہ پر رات گزارنے کا فیصلہ کیا۔
مقامی لوگوں کے احتجاج کیوجہ سے علاقے میں بڑی تعداد میں مرکزی فورسیس کے جوانوں کو تعینات کیا گیا ہے۔ مقامی لوگوں کو سمجھانے پہنچے بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر کا بھی مظاہرین نے گھیراؤکیا۔
بی جے پی کے امیدوار چیران بیرا نے الزام لگایا کہ یہ واقعہ ترنمول کانگریس کے انتخابات میں دھاندلی کے منصوبے کا ایک حصہ ہے، جب کہ حکمراں جماعت نے انکار کیا ہے۔
مزید پڑھیں:
بنگال، آسام سمیت 5 ریاستوں میں ووٹنگ کے اپڈیٹس
بی جے پی کے ریاستی صدر دلیپ گھوش نے کہا، "یہ ترنمول کانگریس کی ایک پرانی عادت ہے۔ پرانی عادات کو ختم کرنے میں وقت درکار ہے۔ انہیں رنگے ہاتھوں پکڑا گیا ہے اور اس سے پتہ چلتا ہے کہ ان کا کیا حال ہے۔" انتخابات کے تیسرے مرحلے میں علاقے میں پولنگ جاری تھی۔
یواین آئی۔