جنوبی 24 پرگنہ: مغربی بنگال کے جنوبی 24 پرگنہ کے کیننگ تھانہ کے تحت آم تلہ علاقے میں شادی کی تقریب میں مچھر مارنے کی دوا کھا کر نو بچے سمیت گیارہ افراد بیمار پڑ گئے۔ شادی کی تقریب میں یکے بعد دیگرے بچوں سمیت متعدد افراد کے بیمار پڑنے کے واقعے کے رونما ہونے سے علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔ People Fell Ill after Consuming Mosquito Repellent
ذرائع کے مطابق حبیب الرحمٰن کے گھر میں شادی خانہ آبادی کی تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا۔ رات میں کھانا (ڈنر) اہتمام کیا جانا تھا۔ ڈنر ہال کے پاس پلاسٹک کے ڈرم کے اوپر سفید چینی کی طرح دکھائی دینے والی مچھر مارنے کی دوا رکھی ہوئی تھی۔ وہاں موجود بچوں نے مچھر مارنے کی دوا پہلے خود کھائی اور بعد میں ڈنر ہال میں موجود لوگوں کے درمیان تقسیم کر دی، اس کے دیڑھ سے دو گھنٹے کے اندر اندر بچے اور بڑے سبھی بیمار پڑنے لگے۔
بچوں اور بڑوں کو ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جہاں وہ زیر علاج ہیں۔ دو بچوں کو ایمرجنسی وارڈ میں رکھا گیا ہے۔ ڈاکٹر عالمگیر حسین نے کہا کہ زہریلی چیز کھانے سے ہی تمام لوگ بیمار پڑ گئے ہیں۔ تمام لوگ پیٹ میں درد اور قے سے مبتلا تھے اب ان کی حالت بہتر ہے لیکن دو بچوں جن کی عمر بہت کم ہے انہیں احتیاطاً ایمرجنسی وارڈ میں رکھا گیا ہے۔ شادی کی تقریب میں آئی شہناز پروین نام کی ایک خاتون نے کہا کہ بچے اسے چینی سمجھ کر کھا گئے۔