مغربی بنگال میں منعقد ہونے والے اسمبلی انتخابات سے قبل جوڑ توڑ کی سیاست عروج پر ہے۔ ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی کی تمام تر کوششوں کے باوجود پارٹی چھوڑ کر جانے والوں کا سلسلہ رکنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔
توڑ جوڑ کی سیاست میں ترنمول کانگریس اور بی جے پی کے درمیان دلچسپ مقابلہ جاری ہے۔ دل بدل کے کھیل میں حکمراں جماعت کو زبردست نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اب تک 15 ارکان اسمبلی ترنمول کانگریس کو چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہوچکے ہیں۔
ترنمول کانگریس کو الوداع کہنے والوں میں جنوبی 24 پرگنہ کے ڈائمنڈ ہاربر سے رکن اسمبلی دیپک کمار ہلدار کا نام بھی شامل ہو گیا ہے۔ بی جے پی کے قومی نائب صدر مکل نے ترنمول کانگریس کے باغی رہنما اور رکن اسمبلی دیپک کمار ہلدار کو پارٹی کا جھنڈا تھماکر ان کا پارٹی میں استقبال کیا۔
اس موقع پر دیپک کمار ہلدار نے کہا کہ ’میرے پاس بی جے پی میں شامل ہونے کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں تھا، میں نے کافی غور و فکر کرنے کے بعد ہی ترنمول کانگریس کو چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے‘۔
واضح رہے کہ گزشتہ دو مہینوں کے دوران پندرہ ارکان اسمبلی اور ایک رکن پارلیمان ترنمول کانگریس کو چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہوگئے ہیں۔ سیاسی حلقوں میں قیاس آرائی کی جارہی ہیں کہ آئندہ 8 فروری کو وزیر داخلہ امت شاہ کے جلسے کے موقع پر مزید ارکان اسمبلی ترنمول کانگریس چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہوسکتے ہیں۔