ریاست مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات کے پیش نظر سی پی آئی ایم نے ریاست بھر میں پبلک ہیلتھ سینٹر یکم ستمبر سے کھولنے کا فیصلہ کیا ہے، جہاں 50 روپے میں ڈاکٹرز مریض کا چیک اپ کریں گے۔
واضح رہے کہ راس بہاری میں پہلا ہیلتھ سینٹر قائم کیا گیا ہے جس میں سی پی ایم کے سینئر رہنما ڈاکٹر فواد حلیم، کملیشور مکھرجی اور ارندم بھٹاچاریہ بھی موجود تھے۔
سی پی ایم نے ہیلتھ سینٹرکے قیام کے ساتھ ہی اسمبلی انتخابات کے لیے اپنی مہم کا آغاز کردیا ہے۔
غریب و مزدور اور کسان بایاں محاذ کا روایتی ووٹر رہا ہے، مگر سنہ 2011 میں اقتدار سے بے دخل ہونے کے بعد سے ہی سی پی ایم کے روایتی ووٹرز کا رجحان ختم ہوتا جارہا ہے۔
چنا چہ لاک ڈاؤن میں ریاست کے کئی علاقے میں سی پی ایم نے کمیونیٹی کچن سینٹر قائم کیا تھا، جہاں 15 اور 20 روپے میں ایک وقت کا کھانا فراہم کیا جاتا ہے۔
اب ہیلتھ سینٹر کے قیام کے ذریعہ عام لوگوں تک پہنچنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
سی پی ایم رہنما ڈاکٹر فواد حلیم 50 روپے میں ڈائیلیسس کرکے شہرت حاصل کرچکے ہیں اور اب تک چار ہزار سے زائد افراد کا 50 روپے میں ڈائیلیسس کررہے ہیں۔
سی پی ایم نے بتایا کہ یہ ہیلتھ سینٹر مختلف جگہوں پر قائم کیا جائے گا، جہاں مریضوں کا 50 روپے علا ج کیا جائے گا، تاہم عام پیٹ میں درد، بخار اور کھانسی کی صورت میں پیسہ نہیں لیا جائے گا۔
ڈی وائی ایف آئی کے رہنما کلتان داس گپتا نے کہا کہ بنگال میں ہیلتھ سسٹم مکمل طور فلاپ ہوچکا ہے، اور پرائیوٹ ہسپتال کووڈ کے نام پر لوٹ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم لوگوں نے اپنے طور پر متبادل نظا م پیش کرنے کی کوشش کی ہے جس کے دائرہ کار کو ریاست بھر میں پھیلایا جائے گا۔