ملک کی دوسری ریاستوں کی طرح مغربی بنگال میں بھی کورونا وائرس کی دوسری لہر کا قہر جاری ہے۔ ریاستی حکومت اور محکمہ صحت کی تمام کوششوں کے باوجود کورونا وائرس کے نئے کیسز کی تعداد میں اضافہ ہونے کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔
ریاست میں کورونا وائرس کی دوسری لہر اس وقت اپنی عروج پر ہے۔ اس معاملے میں شمالی 24 پرگنہ پہلے اور کولکاتا دوسرے پر نمبر پر ہے۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 20 ہزار 326 لوگوں میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ گزشتہ دو دنوں سے ریاست میں 20 ہزار سے زائد نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ریاست میں چوبیس گھنٹوں کے دوران 135 لوگوں کی موت ہوئی ہے۔ گزشتہ تین دنوں سے کورونا سے مرنے والوں کی تعداد 135 سے 145 کے درمیان ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔
مغربی بنگال میں اس وقت کورونا وائرس کے مریضوں کی کل تعداد دس لاکھ 52 ہزار پہنچ چکی ہے جبکہ 12 ہزار 872 لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔
واضح رہے کہ مغربی بنگال میں ان دنوں منی لاک ڈاؤن نافذ ہے۔ لوکل ٹرینوں کی خدمات معطل کر دی گئی ہے۔ اس سے عام لوگوں کو بڑی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ہوائی جہاز اور ایکسپریس ٹرین سے سفر کر کے بنگال میں داخل ہونے پر آر ٹی پی سی آر ٹیسٹ اور کورونا نیگیٹو رپورٹ لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔