مغربی بنگال میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کی رفتار پر قابو پانے میں نمایاں کامیابی حاصل ہونے کے بعد متوقع تیسری لہر سے نمٹنے کی تیاری زوروں سے جاری ہے۔ اسی کے مدنظر احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
طبی ماہرین کی جانب سے تمام یقین دہانی کے باوجود مغربی بنگال حکومت کورونا وائرس کی لہر کے مدنظر کسی بھی طرح کی کوئی لاپرواہی مول لینا نہیں چاہتی ہے۔ ریاست میں کورونا وائرس کی رفتار سست پڑنے کے سبب یومیہ کیسز اور شرح اموات میں ریکارڈ کمی آئی ہے اور اس بیماری سے صحتیاب ہونے والوں کی فیصد میں بھی غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔اسی درمیان مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے میں کورونا وائرس کی متوقع تیسری لہر کے مدنظر ریاستی حکومت نے 31 اگست تک لوکل ٹرین خدمات پر پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ لیکن اس کے ساتھ ساتھ یہ بھی کہا ہے کہ حالات میں بہتری آنے کے بعد ٹرینوں کی خدمات دوبارہ بحال کرنے پر غور کیا جا سکتا ہے'۔حالانکہ ریاستی حکومت نے اسپیشل ٹرینوں کی خدمات بدستور جاری رکھنے کی بات کہی ہے۔ مغربی بنگال کے سیالدہ اور ہوڑہ ڈویژن میں ریلوے، بینک، صحت ملازمین کے لیے اسپیشل ٹرین چلائی جاتی ہے۔ عام لوگوں کو بھی آن ٹرینوں کے ذریعہ سفر کرنے کی اجازت دی گئی ہے جس کے سبب عام عوام کو کچھ حد تک راحت ملی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ چھ مئی کو مغربی بنگال میں کورونا کے یومیہ کیسز اور شرح اموات دونوں میں ریکارڈ اضافہ ہونے کے بعد گزشتہ چھ مئی کو لوکل ٹرین خدمات معطل کر دی گئی تھی۔
بھارتی ریلوے بورڈ نے ریلوے ملازمین، پولیس اہلکاروں، ڈاکٹرز، نرس، محکمہ صحت اور بینک ملازمین کے لیے اسپیشل ٹرین چلانے کا فیصلہ کیا۔ وقت کے ساتھ ساتھ اسپیشل ٹرینوں کی تعداد میں اضافہ کیا جاتا رہا ہے۔