ریاست مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات جلد ہی منعقد ہونے والے ہیں، ہر پارٹی انتخابات جیتنے کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگارہی ہے۔ جس کی وجہ سے سیاسی پارٹیوں میں ٹینشن صاف دیکھا جاسکتا ہے اور ان میں ٹکراؤ کی صورت حال پیدا ہوگئی ہے۔ اسی درمیان شمالی 24 پرگنہ کے مدھم گرام میں فرفرہ شریف کے پیرزادہ عباس صدیقی کی پارٹی انڈین سیکولر اور ترنمول کانگریس کے حامیوں کے درمیان زبردست جھڑپ ہوئی.
دونوں سیاسی جماعتوں کے حامیوں کے درمیان جھڑپ میں 18 افراد زخمی ہوگئے جن میں ایک شخص کی حالات نازک بتائی جاتی گئی ہے۔ پولیس نے جائے وقوع پر پہنچ کر حالات کو قابو میں کیا۔ زخمیوں کو مدھم گرام ضلع ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جہاں ایک شخص کو باراسات محکمہ ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
پولیس نے کہا کہ حالات کو پوری طرح سے قابو میں کر لیا گیا۔ جب کہ علاقے میں پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے۔ انڈین سیکولر فرنٹ کے رہنما محمد شوکت منڈل نے کہا کہ جمعرات کو پارٹی کے سربراہ عباس صدیقی عوامی جلسے سے خطاب کریں گے۔ اسی کی تیاری چل رہی تھی۔
انہوں نے کہا کہ اسی درمیان ترنمول کانگریس کے کارکنان نے انڈین سیکولر فرنٹ کے حامیوں پر حملہ کر دیا۔ جب کہ ترنمول کانگریس کے رہنما انیس الرحمٰن کا کہنا ہے کہ انڈین سیکولر فرنٹ کا الزام بے بنیاد ہے۔ انڈین سیکولر فرنٹ کی اپنی کوئی شناخت نہیں ہے۔