چندریان 2 کی کامیابی کے بعد ریاست مغربی بنگال کے غوراب گاؤں میں ایک طرح سے جشن کا ماحول ہے۔گاؤں کے باشندوں کو لگتا ہے کہ اس کامیابی میں ان کا بھی حصہ ہے۔
کل جب 8.30 منٹ پر چندر کانت نے اپنی ماں کو فون کرکے آشیرواد لیا اور کہا کہ وہ جس پروجیکٹ پر کام کررہے تھے اب اس کی لانچنک کا وقت آگیا ہے آپ کی دعاؤں کی ضرورت ہے۔اس کے بعد ہی یہ خبر گاؤں میں پھیل گئی اور گاؤں کا ہر ایک باشندہ چندریان کی کامیابی کے لیے دعا کرنے لگا۔
چندر کانت کی والدہ ”اسیما“نے بتایا کہ کل صبح 8.30 بجے بیٹے کا فون آیا کہ’ماں‘ آپ کے آشیرواد اور دعاؤں کی ضرورت ہے کہ مشن کی کامیاب لانچنگ ہوجائے۔ ہم سب پریشان ہیں گزشتہ ایک ہفتے سے یہ پروجیکٹ التواء کا شکار ہے۔ بیٹا دعا کے لیے کہے اور ماں نظرانداز کردے ایسا ہو نہیں سکتا ۔
چندر کانت کی والدہ ”اسیما“ فوری طور پر پوجا کیلئے بیٹھ گئیں اور اس وقت تک پوجا کرتی رہیں جب تک کامیاب لانچنگ کی خبر نہیں آگئی۔
کل کا دن اسیما اور ان کے شوہر مدھوسوسادن کے لیے خوشی اور مسرت بھرا تھا۔کل سے ہی گھر آنے والوں کا تانتا بندھا ہوا ہے، ہر کوئی بیٹے کی کامیابی پر مبارکباد پیش کررہا ہے۔
مدھوسوسادن کا ذریعہ معاش زراعت پر منحصر ہے۔کم آمدنی کے باوجود اپنے دونوں بیٹوں کو تعلیم دلائی اور آج چندر کانتا اور ششی کانتا نے اسرو کے سائنس داں اور چندریان کی لانچنگ میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔
دو برس قبل چندر کانت کو چندریان 2کے ریف سسٹم پروجیکٹ ڈپٹی ڈائریکٹر بنایا گیا تھا۔
فخریہ انداز میں سوسادھن بات کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ آج وہ اپنے بیٹوں کی وجہ سے سرخرو ہورہے ہیں، سماج کا ہرایک فرد عزت کی نگاہ سے دیکھ رہا ہے۔
مدھوسوسادن کہتے ہیں کہ' چندریان 2 کی کامیاب لانچنگ میں میرے بیٹے نے اہم رول ادا کیا ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ چندریان 2کی کامیاب لانچنگ تک غوراب گاؤں میں ایک کا ماحول تھا ہر ایک شخص کی نظر ٹی وی پر تھی مگر ہاتھ دعاؤں کیلئے اٹھے ہوئے تھے۔اس موقع پر چندر کانت کے گھر پر تمام رشتہ و عزیز و اقارب جمع ہوگئے تھے۔جیسے ہی چندر یان 2کی کامیابی کا اعلان ہوا ہر ایک فرد خوشی سے جھوم اٹھا اور ایک دوسرے سے گلے مل کر مبارک باد پیش کرنے لگے۔