بی ایس ایف کے ترجمان کے مطابق بی ایس ایف کی گشتی پارٹی بھارت۔ بنگلہ دیش بین الاقوامی سرحد پر ماہیگیروں کی تلاش میں تھی، اچانک بنگلہ دیشی فوج نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک جوان ہلاک جبکہ ایک زخمی ہو گیا ہے۔
ہلاک شدہ جوان کی شناخت ہیڈ کانسٹیبل وجے کمار کے طور کی گئی ہے۔ وجے کمار کی ہلاکت سر پر گولی لگنے کی وجہ سے ہوئی ہے، زخمی کانسٹبیل کے ہاتھ پر گولی لگی ہے۔ دونوں بی ایس ایف اہلکاروں کو نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹرز نے ہیڈ کانسٹیبل وجے کمار کو مردہ قرار دیا جبکہ کانسٹیبل کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔
بی ایس ایف ذرائع نے بتایا کہ جمعرات کی علی الصبح تین بھارتی ماہیگیر مچھلیاں پکڑنے کے لیے دریاِ پدما گئے تھے۔ ان میں سے دو ماہیگیر واپس لوٹے تھے، ایک ماہیگیر کو بنگلہ دیشی فوج نے گرفتار کر لیا تھا، جس کے بعد ان دونوں ماہیگیروں نے بی ایس ایف کو مطلع کیا۔
بی ایس ایف ذرائع نے بتایا کہ دن کے ساڑھے دس بجے 5 بی ایس ایف اہلکاروں سمیت پوسٹ کمانڈر دریا کی طرف نکلے، فلیگ میٹنگ کے دوران بنگلہ دیشی فوج نے بھارتی ماہیگیر کو رہا نہیں کیا اور انہوں نے بی ایس ایف کی پارٹی کا گھیراؤ کیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ جوں ہی بی ایس ایف جوانوں نے واپس لوٹنے کی کوشش کی بنگلہ دیشی فوج نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک بی ایس ایف جوان ہلاک جبکہ ایک زخمی ہو گیا۔
سینئیر حکام کا کہنا ہے کہ گزشتہ دو دہائیوں کے دوران اس طرح کا یہ پہلا واقعہ پیش آیا ہے۔