ریاست مغربی بنگال کی وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے آج کہا ہے کہ امفان طوفان کا جائزہ لینے کے لیے سنیچر کو جنوبی 24پرگنہ اور شمالی 24پرگنہ کا فضائی معائنہ کریں گی۔
ریاستی سیکریٹریٹ نوبنو میں افسران کے ساتھ میٹنگ کرنے کے بعد نامہ نگاروں سے کہا کہ وہ سنیچر کو دونوں اضلاع بالخصوص سندربن کادورہ کریں گی۔
وزیراعلیٰ نے ریاستی وزرا کو ہدایت دی ہے کہ وہ اضلاع کا دورہ کریں، ممتا بنرجی نے کہا کہ یہ وقت عوام کے ساتھ کھڑے ہونے کا ہے۔
وزیراعلیٰ ممتا بنرجی نے سندر بن کے علاقے کا دورہ کرنے کی وزیراعظم مودی کودعوت دی ہے۔
واضح رہے کہ مرکزی حکومت نے اب تک اس طوفان کو قومی آفت قرار نہیں دیا ہے۔
فلم ہدایت کار اور اداکارہ اپرناسین بنگلہ نے مطالبہ کیا ہے کہ مرکزی حکومت کو'امفان' طوفان کو قومی آفت قرار دینا چاہیے۔
انہوں نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ کل کے طوفان نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی ہے اس لیے مرکز اس طوفان کو قومی تباہی قرار دینا چاہیے اور مدد کے لیے ایک امدادی فنڈ قائم کیا جانا چاہیے۔
خیال رہے کہ اس طوفان کی وجہ سے 72 افراد کی موت ہوگئی ہے۔
انہوں نے کہاکہ ریاست کے وسائل بہت ہی محدود ہیں اور نقصانات اندازے سے کہیں زیادہ بڑے پیمانے پر ہوا ہے۔
پیشگی اطلاعات اور لاکھوں افراد کو محفوظ مقامات پرمنتقل کیے جانے کے باوجود نقصانات ہوئے ہیں کیوں کہ طوفان کی شدت بہت ہی زیادہ تھی۔
اپرناسین کے اس ٹوئٹ کی حمایت میں ٹرینڈ چل رہا ہے، دوسری طرف وزیراعظم اور وزیر داخلہ نے کہا کہ وہ اس مشکل وقت میں بنگال کے شانہ بشانہ ہیں۔
مگر وزیراعظم مودی کے تاخیر سے ٹوئٹ کئے جانے پر سوالات کھڑے کیے جارہے ہیں کہ اتنی تاخیر سے وزیراعظم نے بنگال کی خبر کیوں لی۔
اس طوفان سے کولکاتا سمیت شمالی اور جنوبی 24 پرگنہ تباہ ہوچکے ہیں۔ بہت سے درخت گر چکے ہیں۔ طوفان کی شدت اتنی مضبوط تھی کہ بجلی کے بہت سے کھمبے گر گئے۔کئی علاقوں سے اس وقت بجلی منقطع ہوگئی ہے۔