کولکاتا:مغربی بنگال میں راشن بدعنوانی کے معاملے میں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی مختلف ٹیموں نے مختلف علاقوں میں چھاپہ ماری مہم چلا رہی ہے۔انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی ایک ٹیم جب شمالی 24 پرگنہ کے سندیش کھالی علاقے میں رہنے والے ترنمول کانگریس کے رہنما شجہاں شییخ کے گھر پر چھاپہ ماری کے لئے پہنچے تو اسے مذمت کا سامنا کرنا پڑا۔
ذرائع کے مطابق سندیش کھالی تھانہ علاقے میں ٹی ایم سی کے رہنما کے گھر پرچھاپہ ماری کے دوران انفورسمنٹ کے اہلکاروں پر مقامی باشندوں نے مبینہ طور پر حملہ کردیا۔اس حملے میں ای ڈی کے دو اہلکارشدید طور پر زخمی ہوگئے ہیں۔اس واقعے کے بعد پورے علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔
بتایا جا رہا ہے کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی ٹیم سندیش کھالی علاقے میں ترنمول کانگریس کے مشہور رہنما شجہاں شیخ کے گھر پر راشن بدعنوانی کے معاملے میں چھاپہ ماری کرنے کے لئے پہنچی۔انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی ٹیم کی چھاپہ ماری کی کارروائی شروع کرنے سے پہلے ہی وہاں ہنگامہ برپا ہوگیا۔مقامی باشندوں نے ای ڈی کی کارروائی کی مخالفت شروع کردی۔
اسی درمیان انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی ٹیم پر مبینہ طور پر حملہ کردیا گیا جس میں دو اہلکاروں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔ای ڈی کے دیگر افسران کشتی کے ذریعہ ندی پار کرکے دوسرے علاقے میں چلے گئے۔سندش کھالی کے واقعے میں مختلف نیوزی چینلز کے صحافیوں اور کیمرہ مین کے بھی زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔
یہ بھی پڑھیں:جب رکن اسمبلی منورنجن بیوپاری کو ترنمول کانگریس نے اپنے حلقہ انتخاب میں نہ جانے کامشورہ دیا
اس کے واقعے کے بعد حکمراں جماعت ترنمول کانگریس اور بی جے پی کے رہنماوں کے درمیان الزام تراشی کا سلسلہ جاری ہے۔بی جے پی نے ریاستی حکومت پر لا اینڈ آرڈر برقرار رکھنے میں ناکام رہنے کا الزام لگایا۔